کراچی میں موٹرسائیکل سواروں پرہیلمٹ پہننے کی پابندی کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 7 جون 2015 22:42

کراچی میں موٹرسائیکل سواروں پرہیلمٹ پہننے کی پابندی کا اطلاق رات 12 ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔7جون۔2015ء) شہرقائد میں موٹرسائیکل پر سواری کرنے والے اب دونوں افراد کو ہیلمٹ پہننا ہوگا اور خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ ادا کرنا پڑے گا جب کہ پابندی کا اطلاق پہلے یکم جون سے ہونا تھا تاہم اس میں 8 روز کی توسیع کردی گئی۔ کراچی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ہیلمٹ کی پابندی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا اور ہیلمٹ نہ پہننے والوں کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔

ہیلمٹ پہننے کی اس پابندی سے خواتین بھی مستثنی نہیں چاہے گرمی جتنی ہوانہیں بھی اگر موٹر سائیکل پر سواری کرنا ہے تو ہیلمٹ پہننے کی پابندی کرنا ہوگی۔ خواتین کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ پہننے کی پابندی سمجھ سے بالا تر ہے، موٹرسائیکل پر بچوں اورسامان کو تھام کر بیٹھنا خود ایک مشکل کام ہے اس پر سے ہیلمٹ لگاکر بیٹھنا مشکلات میں مزید اضافے کا باعث بنے گا،اس لئے ہیلمٹ کی پابندی فوری ختم کی جائے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ٹریفک پولیس کی جانب سے کراچی میں موٹرسائیکل پر سفر کے دوران خواتین پر ہیلمٹ کے استعمال کی پابندی کے حکم کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ کا پابندی کا اعلان کرتے وقت کہنا تھا کہ رواں سال ٹریفک حادثات میں 57 افراد جاں بحق ہوئے اس لیے ہیلمٹ مہم پر عملدرآمد عوام کے تحفظ کے لیے کیا جارہا ہے اور خواتین پر بھی ہیلمٹ پہننے کی پابندی ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :