”لگتا ہے راولپنڈی، اسلام آباد میں نہیں بلکہ لندن یا پیرس میں سفر کر رہے ہیں“،اتنے کم کرائے میں باوقار طریقے سے سفر کرنے کا کبھی تصور نہیں کیا تھا،مسافروں کی وزیراعلیٰ سے گفتگو،خواتین کی جانب سے چھوٹے بچوں کا کرایہ ختم کرنے کے مطالبہ پر وزیر اعلیٰ کی حکام کو جائزہ لینے کی ہدایت

اتوار 7 جون 2015 19:17

”لگتا ہے راولپنڈی، اسلام آباد میں نہیں بلکہ لندن یا پیرس میں سفر کر ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔7 جون۔2015ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے میٹرو بس میں سفر کے دوران مسافروں سے میٹرو بس سروس کے معیار اورسفری سہولتوں کے بارے پوچھا تو مسافروں نے بتایا کہ میٹرو بس سروس کے آغاز سے انہیں اعلی معیار کی آرام دہ، سستی ٹرانسپورٹ مہیا ہوئی ہے اور اس سے عزت و وقار کے ساتھ منزل تک پہنچنے کی سہولت ملی ہے اور وقت کے ساتھ پیسے کی بھی بہت بچت ہو رہی ہے کیونکہ اس سے قبل وہ تین گاڑیاں بدل کر راولپنڈی سے اسلام آباد پہنچتے تھے اورانہیں ایک طر ف سے ساٹھ سے ستر روپے کرایہ خرچ کرنا پڑتا تھا اور پرائیویٹ بسوں اور ویگنوں کے ڈرائیوروں کے تلخ اور ذلت آمیز رویے کا بھی سامنا کرنا پڑتا تھا ۔

حیدر آباد کے انشورنس کمپنی میں ملازمت کرنے والے دو مسافروں نے کہا کہ وہ ایک سال پہلے بھی راولپنڈی آئے تھے اور انہیں اسلام آباد پہنچنے کے لئے تین گاڑیاں تبدیل کرنا پڑیں لیکن آج میٹرو بس میں سفر کرتے ہوئے انہیں فخر اوردلی اطمینان حاصل ہو رہا ہے کہ وہ بیس روپے کے انتہائی کم کرائے میں ایئر کنڈیشن بس میں اسلام آباد جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گلگت اور آزاد کشمیر سے آئے ہوئے میٹرو بس میں سفر کرنے والے دو مسافروں نے کہا کہ میٹرو بس میں سفر کر کے انتہائی خوشی ہوئی ہے اور اتنے کم کرائے میں باوقار طریقے سے کبھی سفر کرنے کا کبھی تصور نہیں کیا تھا ۔

لگتا ہے راولپنڈی اسلام آباد میں نہیں بلکہ لندن یا پیرس میں سفر کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ نے ایک خواب کو حقیقت کا روپ دے دیا ہے ۔سٹیلائٹ ٹاؤن راولپنڈی سے پشاور موڑ اسلام آباد اپنی دکان پر جانے والے ایک مسافر نے وزیر اعلی کے استفسار پر بتا یا کہ وہ روزانہ سٹیلائٹ ٹاون راولپنڈی سے پشاور موڑ اسلام آباداپنی دکان پر جاتا ہے اور میٹرو بس سروس شرو ع ہونے سے پہلے وہ دوگاڑیاں تبدیل کر کے اپنی دکان پر پہنچتا تھا لیکن گذشتہ دو روز سے وہ بڑی سہولت کے ساتھ اپنے کام کی منزل پر پہنچتا ہے ۔

میٹرو بس سفر کے دوران وزیر اعلی نے خواتین اور چھوٹے بچوں ، نوجوانوں اور بزرگ مسافروں سے بھی میٹرو بس سروس کے معیار اور سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے جب خواتین مسافروں سے اس بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے میٹرو بس شروع کرنے پر وزیر اعلی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میٹرو بس سروس انتہائی اچھی ، آرام دہ اور سستی ہے ۔

خواتین نے اس موقع پر وزیر اعلی کو چھوٹے بچوں کا کرایہ ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا جس پر وزیر اعلی نے میٹرو بس اتھارٹی کے متعلقہ حکام کو خصوصی جائزہ اور نظر ثانی کرنے کی ہدایات دیں۔راولپنڈی صدر سے پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد تک دوران سفرمسافر وزیراعلی محمد شہباز شریف سے مصافحہ کرتے رہے اور اپنے موبائلز سے وزیر اعلی کی تصاویر بناتے رہے اور بعض مسافروں بالخصوص نوجوانوں،خواتین اور بچوں نے اپنے موبائلز کے ذریعے وزیر اعلی کے ہمراہ خصوصی گروپ فوٹو بنوائے۔