راولپنڈی اسلام آباد میٹرو کا نام آج سے پاکستان میٹرو بس سروس ہے، راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان میٹرو بس پر تین دن میں ایک لاکھ24 ہزار500افراد نے سفرکیا، شہریوں کو میٹروبس تک لانے کیلئے فیڈر سروس شروع کی جائے گی، میٹرو بس سروس سے شہریوں کو باعزت طریقے سے سفرکرنے کا موقع ملا،بدعنوانی کے خاتمہ کا تہیہ کررکھا ہے، چاروں صوبوں کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی پریس کانفرنس

اتوار 7 جون 2015 16:17

راولپنڈی اسلام آباد میٹرو کا نام آج سے پاکستان میٹرو بس سروس ہے، راولپنڈی ..

اسلام آباد ۔ 07 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 جون۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو کا نام آج سے پاکستان میٹرو بس سروس ہے، راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان میٹرو بس پر تین دن میں ایک لاکھ24 ہزار500افراد نے سفرکیا، شہریوں کو میٹروبس تک لانے کیلئے فیڈر سروس شروع کی جائے گی، میٹرو بس سروس سے شہریوں کو باعزت طریقے سے سفرکرنے کا موقع ملا،بدعنوانی کے خاتمہ کا تہیہ کررکھا ہے، چاروں صوبوں کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اتوار کو راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان میٹرو بس سروس پر سفرکیا، وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید اور چیئرمین میٹرو بس منصوبہ راولپنڈی اسلام آباد حنیف عباسی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

بعد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان چلنے والی میٹرو بس سروس کا نام راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس نہیں بلکہ یہ آج سے پاکستان میٹروبس سروس ہے ۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹروبس سروس کا موازنہ دنیا کی کسی بھی میٹرو بس سروس سے کیا جاسکتا ہے، تمام عمر اورمختلف شعبوں کے لوگ میٹروبس سروس میں سفر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر علاقے کے لوگ اسلام آباد میں کام کرتے ہیں۔ اس طرح ہر علاقے کے لوگ میٹرو بس پر سفر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس سروس سے شہریوں کو باعزت طریقے سے سفرکرنے کا موقع ملا ہے جس کی وجہ سے میٹروبس سروس کے صدر سٹیشن راولپنڈی پر لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسافروں نے مجھے بتایا ہے کہ پہلے اسلام آباد جانے کیلئے تین گاڑیاں بدلنا پڑتی تھیں۔ میٹرو بس سے اسلام آباد کا نظارہ انتہائی دلکش ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے میٹرو بس کے ٹکٹ خریدنے کیلئے کاؤنٹرز بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان میٹروبس سروس کے روٹ کا مکمل جائزہ لیا ہے۔

میٹرو میں اچھا کام کرنے والی تعمیراتی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی بدعنوانی کے خاتمہ کا تہیہ کررکھا ہے، چاروں صوبوں کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، وفاقی بجٹ میں کراچی گرین لائن میٹروبس سروس کیلئے رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان میٹروبس پر تین دن میں ایک لاکھ25 ہزار500 افراد نے سفرکیا۔ شہریوں کو میٹرو سٹیشنز تک لانے کیلئے تین ماہ میں فیڈر سروس شروع کریں گے۔ فیڈر سروس کیلئے نئی بسیں خریدی جائینگی۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو روٹ پر68 بسیں چل رہی ہیں اور ضرورت پڑنے پر مزید بسیں چلائیں گے جبکہ فیڈر بس سروس کا کرایہ میٹرو بس سروس کے کرائے میں شامل ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے میٹرو بس اتھارٹی کو آگہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ میٹرو بس سروس ہر طبقے کی بس ہے ، پمز ہسپتال کے قریب میٹرو سٹیشن کا نام پمز سٹیشن رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹروبس سروس میں سفر کرنے والوں کیلئے سیکیورٹی کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے زندگی کے ہر شعبے میں پاکستان کی تعمیر کا عزم کیا ہوا ہے۔