Live Updates

(ن) لیگی وفاقی حکومت کا پیش کردہ بجٹ انتہائی مایوس کن اور عوام دشمن ہے‘(ن) لیگ ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے نہ صرف بڑے پیمانے پر قومی وسائل کے ضیاع کا باعث بن رہی ہے بلکہ اپنی مالیاتی پالیسیوں کے ذریعے غریبوں پر بے جاٹیکسوں کا بوجھ لاد کر مراعات یافتہ طبقے کے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہے،تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق کاوفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کے بیان پر سخت رد عمل

ہفتہ 6 جون 2015 23:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔6 جون۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کیے جانے والا بجٹ انتہائی مایوس کن اور عوام دشمن ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نواز اپنی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے نہ صرف بڑے پیمانے پر قومی وسائل کے ضیاع کا باعث بن رہی ہے بلکہ اپنی مالیاتی پالیسیوں کے ذریعے غریبوں پر بے جاٹیکسوں کا بوجھ لاد کر مراعات یافتہ طبقے کے مفادات کے تحفظ میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نواز کی حکومت کے پہلے سال کے دوران تقریباً سات لاکھ لوگ روزگار سے محروم ہوئے جبکہ ان کی مدت اقتدار کے دوسرے برس آٹھ لاکھ افراد کی ملازمت ختم ہوئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نواز کی حکومت نے اپنے بجٹ میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کے روزگار کیلئے نہ تو اقدامات تجویز کیے اور نہ ہی کسی قسم کی دلچسپی کا اظہار کیا۔

یوں محسوس ہوتاہے کہ مسلم لیگ نواز ملک میں بے روزگاروں کی ایک فوج کھڑی کرنا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے بجٹ کے حوالے سے پیش کی گئی تجاویز انتہائی مثبت ہیں، جنہیں اختیار کر کے مسلم لیگ نواز ملکی معیشت کو بحالی کی راہ پر ڈال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز رشید پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کی بجائے اپنی حکومت کی معاشی مشینری کو ہوش مندی کا مشورہ دے اور ملک میں غریبوں کے معاشی قتل عام کی بجائے انہیں ریلیف فراہم کرنے کی تجویز دیں۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تنخواہوں میں محض ساڑھے 7فیصد کا اضافہ انتہائی ناکافی ہے جبکہ غریب عوام پر بلواسطہ محصولات کا بوجھ سراسر ظلم ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف خیبرپختونخواہ میں ایک مثالی بجٹ پیش کریگی جس میں بیشتر وسائل عوام کی فلاح وبہبود کیلئے مختص کیے جائینگے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات