بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک کی ملاقات ،سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال

ہفتہ 6 جون 2015 19:59

بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک کی ملاقات ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جون۔2015ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک نے ہفتہ کو بلاول ہاؤس میں ملاقات کی اور ملک کی سیاسی اور سکیورٹی صورت حال کے علاوہ پارٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ سینیٹر رحمان ملک نے بلاول بھٹو زرداری کو بتایا کہ پورے ملک میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی یہ خواہش ہے کہ پارٹی کے چیئرمین ان کے درمیان ہوں ۔

کارکنوں کو ان کی قیادت سے بہت امیدیں وابستہ ہیں ۔

(جاری ہے)

سینیٹر رحمان ملک نے گلگت بلتستان میں پارٹی کی انتخابی مہم ، بلوچستان اور آزاد کشمیر کی صورت حال کے بارے میں بھی بتایا ۔ سینیٹر رحمان ملک نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی کے بارے میں بھی پارٹی چیئرمین کو آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اوورسیز شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا یوم ولادت دنیا کے تمام اہم شہروں میں منائے گی ۔ انہوں نے بلاول بھٹوزرداری سے درخواست کی کہ پیپلز پارٹی اوورسیز کے آئندہ ہونے والے کنونشن میں وہ مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کریں ۔