ملک میں خواتین کی تراویح میں شرکت پر کوئی پابندی نہیں ہے، سعودی وزارتِ مذہبی امور

ہفتہ 6 جون 2015 18:47

ملک میں خواتین کی تراویح میں شرکت پر کوئی پابندی نہیں ہے، سعودی وزارتِ ..

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جون۔2015ء) سعودی عرب کی وزارتِ مذہبی امور و اوقاف نے خواتین کی تراویح میں شرکت پر پابندی سے متعلق رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ رمضان کے دوران خواتین کی تروایح میں شرکت پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گی ہے۔عالمی میڈیا کے مطابق سعودی وزارتِ مذہبی امور کے ایک عہدے دار نے کہا کہ اس طرح کی افواہوں میں کوئی سچائی نہیں ہے کہ مشرقی صوبے یا کہیں اور خواتین کو رمضان کے دوران تراویح میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے ایک مقامی اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ افواہیں ملک میں انتشار پیدا کرنے کے ارادے کے تحت پھیلائی گئی ہیں۔نام نہ ظاہر کرنے کی درخواست کے ساتھ مذکورہ عہدے دار نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے اس مسئلے کے بارے میں مساجد کے پیش اماموں کو کوئی سرکلر نہیں بھیجا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاہم مشرقی صوبے کی کچھ مساجد میں المناک سانحات سے بچنے کے لیے مقدس مہینے کے دوران اور نماز جمعہ کے اجتماعات میں کچھ سیکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دمام، دہران، الخبر، قطیف اور دیگر صوبوں میں 150 مساجد میں نماز جمعہ کے اجتماعات منعقد ہوتے ہیں۔ وزارتِ داخلہ سیکیورٹی انتظامات میں ہم آہنگی پیدا کی تھی۔قطیف اور دمام کی مساجد پر دہشت گرد حملوں کے بعد سعودی عرب میں 94 ہزار تین سو سے زائد مساجد میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔