سعودی عرب کو ایٹمی ہتھیار فروخت نہیں کر رہے ،الزا ما ت بے بنیا د ہیں ،سیکریٹری خارجہ

پاکستان کا ایٹمی پروگرام بھارت سے لاحق خطرے کے پیش نظر ملکی دفاع کے لیے ہے، ایٹمی ا ثا ثے مکمل طو ر پر محفو ظ ہیں ، اعزاز احمد چودھری کی صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 5 جون 2015 21:41

سعودی عرب کو ایٹمی ہتھیار فروخت نہیں کر رہے ،الزا ما ت بے بنیا د ہیں ..

واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 جون۔2015ء ) سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کو ایٹمی ہتھیار فروخت نہیں کر رہا ہے۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام بھارت سے لاحق خطرے کے پیش نظر ملکی دفاع کے لیے ہے۔ سیکریٹری خارجہ نے واشنگٹن میں امریکی حکام سے ملاقاتوں کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں اس بات کی سختی سے تردید کی کہ پاکستان سعودی عرب کو ایٹمی ہتھیار فروخت کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تمام باتیں بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ پاکستان کے ایٹمی پروگرام سے کسی ملک کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ ایٹمی معاملات پر سعودی عرب سے کوئی بات چیت نہیں ہورہی ہے۔ سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ایک دفاعی صلاحیت ہے جو پاکستان نے مشرق کی طرف سے لاحق خطرے کے پیش نظر حاصل کی ہے۔

(جاری ہے)

سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان جوہری ہتھیاروں کو دہشت گردوں کی پہنچ سے محفوظ رکھے گا۔

واضح رہے کہ سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں پاک امریکہ سٹریٹیجک ڈائیلاگ اور دیگر اہم سفارتی اور فوجی حکام کے ساتھ ملاقات کے سلسلے میں امریکہ کے دورے پر ہیں۔ امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے ایجنڈے میں ’جوہری تحفظ کی بین الاقوامی کوششوں کو بڑھنے‘ کے ساتھ ساتھ عدم پھیلاوٴ اور ایکپورٹ کنٹرول جیسے امور شامل تھے۔

سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے ان ملاقاتوں کو ’تعمیری‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں حکومتیں تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پھیلاوٴ کو روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گی۔اعزاز احمد چوہدری نے بین الاقوامی طاقتوں کے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کو سراہا اور کہا کہ یہ سفارتی کامیابی پاکستان کے لیے بھی اقتصادی طور پر مفید ثابت ہوگی اور پاکستان اور ایران کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل ہوسکے گا۔