پیپلزپارٹی کی حکومت صوبے کے نوجوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کرنے میں کوشاں ہے، شرجیل انعام میمن

کراچی کی تمام اسٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی لائٹس میں تبدیل کرکے ان پر سی سی ٹی وی کیمرے اور وائی فائی سسٹم بھی متعارف کرایا جارہا ہے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کا آج جو تحفہ دے رہے ہیں جلد ہی ایسے تحفے دیگر علاقوں کے نوجوانوں کو بھی دئیے جائیں گے، افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت

جمعرات 4 جون 2015 22:42

پیپلزپارٹی کی حکومت صوبے کے نوجوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع فراہم ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جون۔2015ء) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت صوبے کے نوجوانوں کو صحت مند تفریح کے مواقع فراہم کرنے میں کوشاں ہیں۔ کراچی کے شہریوں کو موجودہ سندھ حکومت کی جانب سے مزید میگا پروجیکٹ جلد دئیے جارہے ہیں جبکہ جلد ہی کراچی کی تمام اسٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی لائٹس میں تبدیل کرکے ان پر سی سی ٹی وی کیمرے اور وائی فائی سسٹم بھی متعارف کرایا جارہا ہے تاکہ عوام کو مفت انٹرنیٹ کی سہولیات میسر آسکیں۔

ہمارا کراچی کے شہریوں سے یہ وعدہ ہے کہ ہم تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر اس شہر کے عوام کو دستیاب تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ان کا معیار زندگی بہتر سے بہتر کریں گے۔ کراچی کے صنعتکاروں اور تاجر برادری کو جلد ہی کے ایم سی کی 10 اسکولز اور 6 اسپتال اور ڈسپنسریاں گود دینے جارہے ہیں جبکہ شہر کی کئی سڑکوں اور چوراہوں کو بھی گود لینے کا انہوں نے ارادہ ظاہر کیا ہے۔

(جاری ہے)

لانڈھی کے عوام کو پیپلزپارٹی کی قیادت اور سندھ حکومت کی جانب سے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کا آج جو تحفہ دے رہے ہیں جلد ہی ایسے تحفے دیگر علاقوں کے نوجوانوں کو بھی دئیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی شام لانڈھی میں کے ایم سی کے تحت ساڑھے باڑہ کروڑ روپے کی لاگت سے ساڑھے تین ایکڑ پر جدید خطوط پر تعمیر کئے جانے والے اسپورٹس کمپلیکس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

قبل ازیں صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے تختی کی نقاب کشائی کرکے کمپلیکس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی سید خالد احمد، ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب سومرو، میونسپل کمشنر کراچی سمیع صدیقی، ڈی جی ٹیکنکل سروسز نیاز سومرو، سنئیر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، ایڈمنسٹریٹر کورنگی محترمہ قرۃ العین اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ منصوبہ کئی سال قبل شروع ہوا تاہم اسے مکمل نہ کیا جاسکا، جس کا علم ہوتے ہی میں نے فوری طور پر کے ایم سی کے ایڈمنسٹریٹر کو ہدایات دیں کہ اس کو مکمل جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسپورٹس کمپلیکس جدید تقاضوں سے آراستہ ہے اور اس میں نوجوانوں کے لئے بیڈمینٹن، والی بال، سومنگ پولز، ٹیبل ٹینس سمیت درجنوں مختلف انڈور اور آؤٹ ڈور کھیلوں کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان اس طرح کے کھیلوں سے اپنے آپ کو مصروف رکھیں تاکہ وہ کسی منفی یا غلط سرگرمیوں میں نہ پڑیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ بھرمیں موودہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے ترقیاتی کاموں کا سلسلہ تیزی سے شروع کیا ہوا ہے اور ہماری اعلیٰ قیادت کی خصوصی ہدایات ہیں کہ کراچی سمیت صوبے بھر کے عوام کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لئے سندھ حکومت اپنے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے پورا کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس شہر کی خوبصورتی کو مزید بہتر بنانے اور یہاں پر امن و امان کی صورتحال کو مزید فعال بنانے کی غرض سے شہر بھر کی اسٹریٹ لائٹس کو ایل ای ڈی لائٹس پر تبدیل کرنے اور ان میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا منصوبہ بھی شروع کیا ہے اور ان میں مفت وائی فائی نظام کو بھی متعارف کرانے کے لئے قانونی ماہرین اور امن و امان کی بحالی کے اداروں سے مشاورت کے بعد یہ سہولت بھی عوام کو فراہم کرنے جارہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ اور سول سوسائٹی کی مدد سے کے ایم سی کے 10 اسکولز اور 6 اسپتال اور ڈسپنسریوں کو کراچی کی تاجر برادری اور صنعتکاروں کو گود دینے کے لئے گذشتہ روز ہی تاجر برادری کے رہنماؤں سراج قاسم تیلی، زبیر موتی والا، یونس بشیر اور دیگر سے بات چیت ہوئی ہے اور انہوں نے رضامندی کا اظہار کیا ہے اس کے ساتھ ساتھ کراچی کی شاہراہوں اور چوراہوں کو خوبصورت بنانے کے لئے ان تاجر اور صنعتکار برادری نے اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کی واضح ہدایات ہیں کہ تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ہم اس صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور یہ ہمارا شہر کراچی اور صوبہ سندھ کے عوام سے وعدہ ہے کہ ہم اس صوبے اور شہر کے ایک ایک عوام کو اپنے دستیاب تمام وسائل سے سہولیات فراہم کریں گے۔