Live Updates

رمضان المبارک میں مدنی دسترخوان قائم کرنے کے لئے مخیر حضرات کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے،حاجی محمد نواز

پیر 1 جون 2015 23:02

گجرات( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جون۔2015ء) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر حاجی محمد نواز نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران صوبے کے تمام اضلاع میں مدنی دسترخوان قائم کرنے کے لئے مخیر حضرات کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے اس مقصد کے لئے گجرات میں بھی انتظامیہ اور سیاسی قیادت کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی او آفس میں اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ، ایم پی ایز حاجی عمران ظفر، میجر (ر) معین نواز، چوہدری اشرف دیونہ ، اے ڈی سی عرفان علی کاٹھیا ، ڈی او سی وقار خاں ، اسسٹنٹ کمشنرز میاں اقبال مظہر ، افشاں رباب ، ڈی او سوشل ویلفیئر امجداقبال کلیئر ، مسلم لیگ ن کے راہنما حاجی ناصر محمود ، جاوید بٹ ، چوہدری اشرف ریحانیہ ، سیف الرحمن بھٹی اور این جی اوز کے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

مشیر وزیراعلیٰ پنجاب حاجی محمد نواز نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ پانچ سال سے مدنی دستر خوان کے قیام کا سلسلہ بدستور جاری ہے یہ ایک عظیم صدقہ جاریہ ہے انہوں نے انتظامی افسران اور سیاسی قائدین و منتظمین مدنی دستر خوان سے کہا کہ وہ خود بھی مستحقین کے لئے قائم کیے گئے دستر خوان پر افطاری کریں اور اپنے دوستوں کو بھی اس کی دعوت دیں تا کہ مدنی دستر خوان کا سلسلہ مزید وسعت اختیار کر سکے ۔

ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں گزشتہ سال بھی مدنی دستر خوان قائم کیے گئے تھے جن سے ہزاروں مستحقین مستفید ہوئے رواں سال بھی مستحقین کیلئے سحری و افطاری کے لیے 40سے زائد مدنی دستر خوان قائم کیے جا رہے ہیں جو ماہ رمضان سے ایک ہفتہ قبل کام شروع کر دیں گے ۔ ایم پی اے حاجی عمران ظفر ، میجر (ر) معین نواز ، مسلم لیگ ن کے راہنما حاجی ناصر محمود ، جاوید بٹ ، چوہدری اشرف ریحانیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدنی دستر خوان کا قیام حکومت پنجاب کا مستحقین کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے انقلابی اقدام ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خود بھی مدنی دستر خوان قائم کریں گے اور اپنے دوستوں کو بھی اس مقصد کیلئے قائل کیا جائیگا ۔

این جی اوز کے نمائندوں سجاد بٹ ، انجم رحمان ، محمد اجمل ، میاں شبیر ، منور کھوکھر ، سید ضیاء علی شاہ نے بھی اس موقع پر اظہار خیال کیا اور مدنی دستر خوان کے اہم منصوبہ کے حوالہ سے اپنی تجاویز پیش کیں

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :