Live Updates

عمران خان کاصوبائی وزیر مال علی امین گنڈا پورکوگرفتاری نہ دینے کی صورت میں کابینہ سے الگ کرنے پر غور

قریبی رفقاء سے مشاورت کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو ضروری ہدایات جاری کریں گے عمران خان علی امین پر بیلٹ باکس چوری کی الزام کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیں‘جہانگیر ترین کا چیئرمین تحریک انصاف کوخط

پیر 1 جون 2015 22:28

عمران خان کاصوبائی وزیر مال علی امین گنڈا پورکوگرفتاری نہ دینے کی صورت ..

پشاور/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جون۔2015ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جنوبی اضلاع کے صدر صوبائی وزیر مال علی امین گنڈا پورپر مقدمہ درج ہونے کے بعد گرفتاری نہ دینے کی صورت میں انہیں صوبائی کابینہ سے الگ کرنے پر غور شروع کر دیا اور اس سلسلے میں وہ قریبی رفقاء سے مشاورت کے بعد وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو ضروری ہدایات جاری کریں گے ۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر علی امین گنڈا پور کے خلاف بیلٹ بکس اٹھانے ‘ پولیس اور پریذائیڈنگ افسران کو دھمکیاں دینے کے 2 مقدمات درج کئے گئے ہیں او رآئی جی خیبر پختونخواہ ناصر درانی نے ان کی گرفتاری کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔ ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر صوبائی وزیر کو گرفتار نہ کرنے اور میاں افتخار حسین کو گرفتار کرنے پر کی جانے والی شدید تنقید کے بعد عمران خان نے سخت نوٹس لیا ہے اور صوبائی وزیر کے رویہ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو ہدایت کی ہے کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور اگر کوئی صوبائی وزیر غیر قانونی سرگرمی ملوث پایا گیا ہے تو اسے قانون کا سامنا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان علی امین گنڈا پور کو صو بائی کا بینہ سے الگ کرنے پر غور کر رہے ہیں او راس حولے سے آئندہ ایک دو روز میں صورتحال واضح ہو جائے گی۔ علی امین گنڈا پور حکومت کیخلاف دھرنے کے دوران مسلسل عمران خان کے ہمراہ اسلام آباد کے ڈی چوک میں موجود رہے اور وہ سرکاری پروٹوکول کے ساتھ اسلام آباد میں رہتے رہے۔ دریں اثناء تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا کے وزیر اور اپنے عہدیدار علی امین گنڈا پور کی پارٹی رکنیت ختم کردی،تحریک انصاف کے مرکزی جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین کی طرف سے جاری کردہ معطلی کے خط میں لکھا گیا ہے تحریک انصاف کے خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع کے صدر اور صوبائی وزیر علی امین گنڈا پور کو بلدیاتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی الزامات پر فوری طور پر ان کے عہدے اور رکنیت سے معطل کردیا گیا ہے ، خط میں عمران خان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دیں تاکہ حقائق کو منظرعام پر لایاجاسکے،علی امین گنڈا پور پر ڈیرہ اسماعیل خان میں بیلٹ باکس چوری کرنے کا الزام ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات