گجرات ‘شوہر نے حافظ قرآن بیوی کو آگ لگا دی‘تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل

پولیس نے 5 روز بعد مقدمہ درج کر لیا‘ شوہر اور ساس کی گرفتاری کیلئے چھاپے

پیر 1 جون 2015 20:33

گجرات ‘شوہر نے حافظ قرآن بیوی کو آگ لگا دی‘تشویش ناک حالت میں ہسپتال ..

گجرات(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم جون۔2015ء) سفاک خاوند نے معمولی گھریلو رنجش پر اپنی والدہ کے ساتھ مل کر اپنی خافظ قرآن بیوی کو تھنر چھڑک کر زندہ جلا ڈالا جھلسنے والی حناء تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل جبکہ پولیس نے پانچ روز بعد مقدمہ درج کر لیا۔تفصیلات کے مطابق سفاک خاوند نے معمولی گھریلوتنازعہ پر اپنی حافظ قرآن بیوی کو تھنرڈال کر جلا دیا نواحی گاؤں خسر کی رہائشی حافظ قرآن حناء عارف کی دوسال قبل بشارت علی سے شادی ہوئی اور شادی کے کچھ عرصے بعد ہی معمولی باتوں پر لڑائی جھگڑے شروع ہو گئے۔

ایک سال بعد ان کے گھر ایک بیٹی فجرکی پیدا ئش ہوئی، بیٹی کی پیدائش کے بعد سسرالیوں کا رویہ مزید سخت ہونا شروع ہو گیا، چند روز قبل معمولی جھگڑے پر بشارت علی نے اپنی ماں کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر حناء پر تھنر چھڑک کے آگ لگا دی جس کو تشویشناک حالت میں عزیز بھٹی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کا 80فیصد جسم جھلس گیا ہے پولیس چوکی مانوچک نے چار روز بعد مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ملزمان گھر کو تالہ لگا کر فرار ہوگئے ہیں، جبکہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق جسم زیادہ جل جانے کی وجہ سے حناء عارف کی حالت تشویشناک ہے۔

جھلسنے والی حناء عارف کا کہنا تھا کہ اس کے سسرال والوں نے چار روز تک نہ تو کسی ڈاکٹر سے طبی امداد دلوائی اور نہ ہی کسی اسپتال لے کر گئے جبکہ جھلسنے والی حناء چار روز تک بہوش رہی اور جب اس کے گھر والوں کو واقعے کا علم ہوا تو اس کا خاوند اپنی والدہ کے ہمرا ہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ وہ دونوں ماں بیٹا ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہے ہیں ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔