تیسرا ون ڈے ، پاکستان کا زمبابوے کو جیت کے لیے 297رنز کا ہدف

اتوار 31 مئی 2015 19:35

تیسرا ون ڈے ، پاکستان کا زمبابوے کو جیت کے لیے 297رنز کا ہدف

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار30مئی ۔2015ء ) تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے زمبابوے کو میچ میں کامیابی کے لیے 297 رنز کا ہدف دیا ہے ، قذافی سٹیڈیم میں جاری میچ میں پاکستان کی جانب ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کے فیصلے کے بعد کپتان اظہر علی اور محمد حفیظ میدان میں اترے۔ دونوں اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے ٹیم کا سکور 100 سے اوپر تک پہنچایا.

پاکستانی ٹیم کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب کپتان اظہر علی 45 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوگئے. محمد حفیظ نے بھی آج شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی نصف سینچری مکمل کی تاہم وہ 80 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے. سکندر رضا نے انھیں ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا. اس کے بعد آنے والے کھلاڑی اسد شفیق زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 16 رنز بنا کر سکندر رضا کی گیند پر ویلمز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے.

پہلے دونوں میچوں میں پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے بلے باز شعیب ملک اس بار یہ کارنامہ سرانجام دینے میں ناکام رہے اور صرف 3 رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے. وکٹ کیپر سرفراز احمد بھی سکندر رضا کا شکار بنے اور کیچ دے کر آئوٹ ہوئے. سرفراز احمد نے 25 رنز بنائے تھے. اس کے بعد باری نوجوان بلے باز حماد اعظم کی تھی جو اپنی صلاحیت دکھانے میں ناکام رہے اور صرف 4 رنز بنا کر کریمیر کی گیند پر بولڈ ہو گئے.

پاکستانی ٹیم کا حصہ بننے والے نوجوان کھلاڑی بابر اعظم نے شاندار کھیل پیش کرکے سلیکٹرز کے دل جیت لیے ، وہ 54 رنز بنا کر پوویلین لوٹے ، وہاب ریاض 13 اور یاسر شاہ بغیر رن کیے پوویلین لوٹے ، انور علی نے محض 23 گیندوں پر 37 رنز بنا کر ٹیم کا سکور 296 رنز تک پہنچا دیا ، زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا نے 3 ، ایمپوفو نے 2 اور کریمر نے ایک کھلاڑی آوٹ کیا ، واضع رہے کہ پاکستان ون ڈے سیریز پہلے ہی دو، صفر سے جیت چکا ہے۔

(جاری ہے)

آخری میچ دیکھنے کے لئے بھی تماشائیوں کی بڑی تعداد سٹیڈیم میں موجود ہے۔ آخری ون ڈے میچ میں بھی سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف بھی کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے سٹیڈیم پہنچے ہیں۔

متعلقہ عنوان :