”خیبر پختونخواہ، بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا دی گئیں“

ہفتہ 30 مئی 2015 16:14

”خیبر پختونخواہ، بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا دی ..

پشاور،بنوں،ڈیرہ،ایبٹ آباد،ٹانک ،مردان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 مئی۔2015ء) خیبر پختونخوا ہ میں بلدیاتی الیکشن کے دوران انتخابی پولنگ کے دوران ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا دی گئیں،صوبے کے مختلف شہروں میں پولنگ سٹیشن پر سیاسی جماعتوں کی ہاتھاپائی ،لڑائی جھگڑے، فائرنگ اور دل کا دورہ پڑنے سے خاتون امید وار سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے اور بچوں ، خواتین ،بچوں سمیت درجنوں افراد زخمی ہوگئے ،پولنگ کے دوران پولیس اہلکار جعلی ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے گرفتار کر لئے جبکہ خاتون پریذائیڈنگ آفسر کو جعلی ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے معطل کر کے گرفتار کر لیا ہے ،مختلف پولنگ سٹیشن پرپولنگ افسران کوپولنگ سٹیشن میں بند کر کے تالے لگا دیئے گئے جبکہ بیلٹ باکس کو پھاڑ کر رد کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا۔

(جاری ہے)

جعلی ووٹ کاسٹ ،جعلی سٹمپ اور بیلٹ پیپرز میں امید واروں کے غلط نشانات چھپانے پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا اورپولنگ سٹیشن پر پولنگ رکواتے ہوئے صوبائی الیکشن کمیشن کو کارروائی کا حکم دیدیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز 10سال بعد خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی الیکشن کیلئے ووٹنگ کرائی گئی ،الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومت کے ناقص انتظامات کی وجہ سے صوبہ بھر میں ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا دی گئیں،ووٹرز کو شدید گرمی میں لمبی لمبی قطاروں میں کھڑا کیا گیا اور کئی کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑا ،حبس اور پانی کے انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے سینکڑوں افراد بے ہوش ہوگئے۔

بنوں میں یوسی پوزہ خیل میں خاتون امیدوار دل کا دورہ پڑنے سے جاں ببحق ہو گئیں،جبکہ جنگ پولنگ سٹیشن پر شدید ہوائی فائرنگ سے 2 خواتین سمیت3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ کوہاٹ میں میروزئی پولنگ سٹیشن پر سیاسی جماعت کے کارکن نے شدید فائرنگ کی جس سے13 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں قریبی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ہے۔

پشاور میں تحریک انصاف ا ور اور جماعت اسلامی کے کارکنوں میں تصادم اور ہاتھا پائی ہوئی جبکہ مڈل سکول تہکال میں موڑز کا پولنگ اسسٹنٹ کمشنر کو سیاس جماعتوں کے کارکنوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اس دوران تمام پولنگ کے عملہ نے پولنگ رکوا دی ،تحریک انصاف اور جمہوری وطن پارٹی کے کارکنوں میں تصادم ہوا سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔یوسی 51 میں لڑائی جھگڑے سے کئی گھنٹے تک پولنگ کا عمل رکا رہا جس سے ووٹرز کو شدید گرمی میں مشکلات کا سامنا رہا،یو سی 7 میں گرلز ہائی سکول شہاب الدین میں خواتین پولنگ سٹیشن پر تحریک انصاف اور اے این پی کے مرد کارکن لڑے پڑے اورخواتین کارکن پولنگ سٹیشن میں کئی گھنٹے تک محصور رہیں،یوسی 39 تہکال میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں ہاتھاپائی ہوئی ،پولیس نے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا جس سے متعدد کارکن زخمی ہوگئے،یوسی 63 آرٹ بابا کے کئی پولنگ سٹیشنز پر وقفے وقفے سے ہوائی فائرنگ کی گئی جس سے ووٹرز میں شدید خوف وہراس پھیلا رہا،یوسی 9 میں بیلٹ پیپرز اور امیدواروں کے نشانات غائب رہے۔

پرائمری سکول سانایہ میں سیاسی کارکنوں کی ہوائی فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی جس سے 3 خواتین زخمی ہوگئیں جبکہ پولنگ سٹیشن کے کمرے کے شیشے ٹوٹ گئے،ہائر سکینڈری سکو ل نمبر 4 میں ہوائی فائرنگ سے ایک بچہ زخمی ہوگیا،یونین کونسل 28 میں ہزارہ خوانی سے جعلی سٹمپ پکڑی گئی ،جعلی سٹمپ کے ذریعے ووٹ ڈالے جارہے تھے ،ایبٹ آبا دمیں بھی مختلف پولنگ سٹیشن پر بے ضابطگیاں اور ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی گئیں،مردحضرات خواتین پولنگ سٹیشن کے اندر گھس آئے تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے باہر نکال دیا اس دوران کچھ وقت کیلئے پولنگ کو روک دی گئی۔

حساس ترین پولنگ سٹیشن حویلیاں اربن پولنگ سٹیشن میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کی خواتین کارکن آپس میں لڑ پڑیں پریذائیڈنگ افسران نے پولنگ کا عمل روک دیا،گڑھی پھل گراں سجاول پولنگ سٹیشن پر پولیس اہلکار جعلی ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے پکڑا گیا جسے سکیورٹی فورسز نے حراست میں لے لیا ہے،سینٹرل اربن سٹی پولنگ سٹیشن نمبر 458 پر سیاسی کارکنوں کی لڑائی اور ہاتھاپائی سے حالات کشیدہ ہوگئے تاہم فوج نے پولنگ سٹیشن کا کنٹرول سنبھال لیا ہے،بنوں میں یوسی پوزہ خیل میں خاتون امیدوار دل کا دورہ پڑنے سے جاں ببحق ہو گئیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے حافظ آباد، پہاڑ پور ،لونڈ،نئی چونگی،ورکشاپ کے پولنگ سٹیشن میں بے ضابطگیاں دیکھنے میں آئیں اور خواتین پولنگ سٹیشن جھگڑا ہوا جس سے پولنگ کا عملہ کچھ دیر کے لئے روک دیا گیا جبکہ پولنگ سٹیشن پر خواتین سے کھلم کھلا ووٹ ڈالوائے گئے،

ڈیرہ اسماعیل خان میں جوگیاوالا وارڈ میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں تصادم سے کئی کارکن زخمی ہوگئے ،تصادم کے باعث پولنگ کا عمل روک دیا گیا اور پولیس کی بھاری تعداد موقع پر پہنچ گئی ۔

ٹانک میں کڑی حیدر پولنگ سٹیشن پر مخالفین نے ہوائی فائرنگ شروع کر دی جس سے پریذائیڈنگ افسران نے انتخابی پولنگ کا عمل کچھ دیر کے لئے روک دیا ،کرک میں گومل پولنگ سٹیشن پر سیاسی کارکنوں کے تصادم میں پولنگ کچھ دیر کے لئے روکی گئی جبکہ کرک میں تحریک انصاف اور آزاد امیدواروں حامیوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی اور ایک دوسرے کپڑے پھاڑ دیئے ،جھڑپ میں4 کارکن زخمی ہوگئے اس دوران پولنگ کا عمل روک دیا گیا جبکہ سکیورٹی فورسز کی بھاری تعداد موقع پر پہنچ گئی اور سیاسی کارکنوں کو منتشر کر دیا۔

کڑی عمران خان پولنگ سٹیشن پر2سیاسی کارکنوں میں تصادم سے 4 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا،مردان میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائی گئیں ہیں، پولنگ سٹیشن نمبر ایک اور سٹیشن نمبر پر تین ووٹرز پولنگ کے اندر موبائل فون ساتھ لے گئے اور ووٹر لسٹ کے تصویریں بناتے رہے جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر لائی گئی ہے۔

مردان ،چارسدہ اور ضلع جھنگی میں بیلٹ پیپرز پر امیدواروں کے غلط نشانات چھاپے گئے جہاں پر امید واروں اور ان کے حامیوں نے پولنگ سٹیشن کے باہر شدید احتجاج کیا جس پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے پولنگ کا عمل رکوادیا۔مردان میں17 پولنگ سٹیشن کو بند کر کے تالے لگا دیئے گئے،مردان خاص پولنگ سٹیشن پر الیکشن کمیشن کا عملہ غائب رہا اس دوران بچوں نے عملہ کی کرسیوں پر قبضہ کرلیا جبکہ بچوں نے بیلٹ باکس کو کچرے کے ڈبے میں ڈال دیئے،مردان کے مختلف علاقوں میں 17 پولنگ سٹیشن مکمل طور پر بند رہے اور تالے لگے رہے اورایک پولنگ سٹیشن پر جے یو آئی (ف) کو انتخابی نشان کتاب کی جگہ ”نیر “ کا نشان دیا گیا جبکہ پیپلز پارٹی کو تیر کی جگہ ”کتاب“ کا نشانہ الاٹ کر دیا گیا۔

چارسدہ میں بیشتر پولنگ سٹیشن پر مرد حضرات گھس آئے اور خواتین کو زبردستی ووٹ ڈالوائے ،قومی وطن پارٹی کے کارکنوں نے پولنگ سٹیشن پر دھاوا بول دیا جس سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا جس کے بعد پولنگ سٹیشن پر پولنگ کا عمل کچھ دیر کے لئے معطل رہا،خواتین کے سرکی پولنگ سٹیشن کے باہر شدید فائرنگ کی گئی جہاں پرپولنگ کو روک دیا گیا،ایم سی2 میں پولیس اہلکار کو جعلی ووٹ کرتے ہوئے اے این پی اور جماعت اسلامی کے کارکنوں نے پکڑ لیا اور اہلکارکو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اس دوران اسسنٹ کمشنر نے پولنگ سٹیشن پر آ کر پولنگ کے عمل کو رکوا دیا۔

کوہاٹ میں خاتون پرائزائیڈنگ افسر اختر بی بی کو کو تحریک انصاف کے لئے اضافی ووٹ ڈلوانے پر معطل کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے۔لوئر دیئر میں لقمان بانڈہ پورہ میں جماعت اسلامی اور مسلم لیگ(ن) کا کارکنوں میں تصادم سے 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ساول ڈھیر میں خواتین پولنگ سٹیشن کے باہر مخالفین کارکنوں نے شدید فائرنگ کی جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم زخمیوں کو معمولی چوٹیں آئیں۔

سلطان خیل پولنگ سٹیشن پر بھی جماعت اسلامی اور مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں آپس میں گتھم گتھا رہے اور پولنگ کو کچھ دیر کیلئے رک گئی۔صوابی میں یوسی 3 میں پولنگ سٹیشن کے اندر بدنظمی سے 2 گھنٹے تک پولنگ رکی رہی۔ہری پور کے مختلف پولنگ سٹیشن پر لڑائی جھگڑے اور بے ضابطگیاں دیکھنے میں آئیں،سیاسی کارکنوں نے پولنگ سٹیشن کے عملے کو کمرے میں بند کر کے دروازے کو تالے لگا دیئے جس سے پولنگ کا عمل معطل رہا۔

کرک یوسی جنوبی کرک میں پی ٹی ائٓی او ر جے یو آئی کے کارکنوں میں تصادم سے کئی کارکن زخمی ہوگئے جبکہ جنگ پولنگ سٹیشن پر شدید ہوائی فائرنگ سے 2 خواتین سمیت3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ کوہاٹ میں میروزئی پولنگ سٹیشن پر سیاسی جماعت کے کارکن نے شدید فائرنگ کی جس سے13 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں قریبی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ہے

متعلقہ عنوان :