مستونگ میں مسلح افراد نے مسافر بسوں سے35 افراد کو اغواء کرلیا ، پولیس اور لیویز کا سرچ آپریشن ،اغواء کاروں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 18 افراد کے جاں بحق ،کئی کے زخمی ہونے کی اطلاعات ،وزیراعظم کا واقعہ پر اظہار تشویش، وزیراعلیٰ بلوچستان کی متعلقہ حکام کو تمام مسافروں کی بحفاظت بازیابی یقینی بنانے کی ہدایت

جمعہ 29 مئی 2015 23:33

مستونگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 مئی۔2015ء) مستونگ میں مسلح افراد نے 2 مسافر بسوں سے 35 افراد کو اغواء کرلیا ، پولیس اور لیویز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ، لیویز اور اغواء کاروں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں کئی مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ بعض ذرائع کا دعویٰ ہے کہ واقعہ میں 18 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں تاہم اس کی تصدیق نہ ہوسکی ، وزیراعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ حکام کو تمام مسافروں کی بحفاظت بازیابی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی ۔

جمعہ کی شب دو مسافر بسیں کوئٹہ سے کراچی جارہی تھیں کہ جب وہ مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ کے مقام پر پہنچیں تووہاں پر موجود مسلح افراد نے بسوں کو روک لیا اور ان میں سے 35 افراد کو اغواء کرکے اپنے ساتھ لے گئے جنکی فوری اطلاع ملنے پر لیویز اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اوراس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیااس دوران لیویز اہلکاورں اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا جو کئی گھنٹوں تک جاری رہا ، بعض ذرائع کے مطابق فائرنگ کے تبادلہ کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق دونوں بسوں میں 70 سے زائد افراد سوار تھے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے متعلقہ حکام کو تمام مسافروں کی بحفاظت بازیابی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی جبکہ وزیراعظم نے بسوں سے مسافروں کو اغواء کرنے کے واقع پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام مسافروں کی بحفاظت بازیابی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے ۔ بعض اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 18 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ۔