طیارہ ہائی جیکنگ کیس میں3 مجرموں کو پھانسی

جمعرات 28 مئی 2015 11:10

طیارہ ہائی جیکنگ کیس میں3 مجرموں کو پھانسی

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28مئی2015ء).پی آئی اے طیارہ ہائی جیکنگ کیس کے 3دہشتگردوں کو حیدرآباد اور کراچی کی جیلوں میں پھانسی دے دی گئی۔ دہشتگردوں کی رحم کی اپیلیں صدر مملکت پہلے مسترد کرچکے تھے، اس کے علاوہ ساہیوال، ہری پور، سرگودھا اور کراچی میں دیگر 4مجرموں کو بھی پھانسی دے دی گئی۔ 1998میں پاکستان کے ایٹمی دھماکوں سے صرف 4روز قبل پی آئی اے کی پرواز 544کو اغوا کرنے والے 3دہشتگردوں کو پھانسی دے دی گئی۔

(جاری ہے)

مجرم صابر بلوچ اور شہسوار بلوچ کو سینٹرل جیل حیدرآباد، جبکہ مجرم شبیر بلوچ کو سینٹرل جیل کراچی میں تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ اس موقع پر جیل کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ رہی، پولیس کے ساتھ رینجرز کے دستے بھی تعینات کئے گئے تھے۔ تینوں دہشتگردوں نے 24مئی 1998 کو تربت سے کراچی جانے پی آئی اے کے طیارے کو اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد اغوا کرلیا تھا۔ مگر پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان کی کوشش ناکام بنا کر تینوں کو گرفتار کرلیا تھا۔ اُدھر سینٹرل جیل ساہیوال میں دوہرے قتل کے مجرم محمد اشرف، جبکہ ڈسٹرکٹ جیل سرگودھا میں 1شخص کے قاتل کو پھانسی دی گئی اور سینٹرل جیل ہری پور میں بھی 1شخص کو قتل کرنے والے مجرم خرم ملک کو بھی پھانسی دے دی گئی ہے۔