پانی کا بحران مصنوعی ہے،پی پی اور متحدہ نے پیدا کیا،آفاق احمد

رینجرز نظام سنبھال لے توسپلائی ایک دن میں بحال ہوجائیگی ،بحران کراچی آپریشن سبوتاژ کرنے کے لیے پیدا کیا گیا

پیر 25 مئی 2015 22:21

پانی کا بحران مصنوعی ہے،پی پی اور متحدہ نے پیدا کیا،آفاق احمد

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 25 مئی۔2015ء) چیئرمین آفاق احمد نے کراچی میں پانی کے بحران پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی میں پانی کا بحران مصنوعی ہے جسے پیپلزپارٹی اور متحدہ نے جان بوجھ کرپیدا کیا ہے تاکہ عوام کو سڑکوں پر لاکر دہشت گردوں اور بدعنوانوں کیخلاف آپریشن کو سبوتاژ کیا جاسکے ۔ آفاق احمد نے کہاکہ عوام یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ طویل عرصہ اقتدار میں رہنے اور واٹربورڈ جیسے ادارے پر آج بھی مکمل کنٹرول رکھنے کے باوجود اس ادارے کو لوٹنے کے علاوہ کیا کیا،آج بدعنوانیوں اور نااہلی پر پردہ ڈالنے کے لیے احتجاج کا ڈرامہ کرنے کی کیا ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی اور متحدہ عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے اپنے اپنے دہشت گرداور بدعنوان عناصر کو بچانے کے لیے متحدہوکر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوششیں کررہے ہیں اور پانی کا مصنوعی بحران پیدا کرکے عوام کو سڑکوں پر لانے کی سازشیں کررہے ہیں تاکہ آپریشن کا رخ موڑا جاسکے ۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہاکہ عوامی مفاد میں اگر رینجرزواٹر بورڈ کا نظام سنبھال لے تو پانی کی سپلائی ایک دن میں بحال ہو جائیگی ۔آفاق احمد نے کہاکہ منتخب نمائندے اگر عوامی مسائل حل نہیں کرسکتے اور انہوں نے بھی عوام کی طرح سڑکوں پر احتجاج کرنا ہے تو عوام ایسے عناصر کو آئندہ ووٹ دینے سے گریز کریں۔

متعلقہ عنوان :