سپیکر بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی عہدے سے مستعفی ،استعفیٰ گورہاؤس کو موصول

جمعہ 22 مئی 2015 18:49

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22مئی۔2015ء) بلوچستان صوبائی اسمبلی کے سپیکر میر جان محمد جمالی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ،گورنر ہاؤس کو استعفیٰ موصول ہوگیاہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز سپیکر بلوچستان اسمبلی میر محمد جان جمالی نے مسلم لیگ (ن) سے اختلافات شدت اختیار کرنے کے بعد سپیکر بلوچستان اسمبلی کے عہدے سے مستعفی ہوگئے اور اپنا استعفیٰ گورنر ہاؤس ارسال کر دیا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق گورنر ہاؤس کے ترجمان نے سپیکر صوبائی اسمبلی میر جان محمد جمالی کے مستعفی ہو نے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سپیکر اسمبلی نے اپنا استعفیٰ گورنر ہاؤس ارسال کیا ہے جو موصول ہوگیا ہے،ترجمان کے مطابق یہ استعفیٰ ہاتھ سے تحریر کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز صوبائی کابینہ کے ارکان نے سپیکر بلوچستان اسمبلی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا اور ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کا فیصلہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

میر جان محمد جمالی نے مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت سے اختلافات کی بناء پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوئے ہیں،سینیٹ الیکشن میں میر جان محمد جمالی نے پارٹی کی جانب سے بیٹی کو سینیٹ کا ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی کے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کی اور اپنی بیٹی بطور آزاد امیدوار سینیٹ الیکشن کھڑا کیا، جس پر مسلم لیگ(ن) کی اعلیٰ قیادت میر جان محمد جمالی سے سخت ناراض تھی اور ان پر سپیکر صوبائی کے عہدے سے مستعفی ہونے کا شدید دباؤ تھا۔