آصف زرداری سمیت بہت سے سیاسی رہنماؤں نے انتخابات میں دھاندلی کی بات کی، عمران خان

نادرا کو اگر شناختی کارڈ نمبرز کے ذریعے ووٹوں کی شناخت کرنا تھی تو انگوٹھوں کے نشانات کی کیا ضرورت تھی چیئرمین نادرا کے عدالتی کمیشن کے رو برو بیان میں بہت سے قابل وضاحت پہلو موجود ہیں، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف

جمعرات 21 مئی 2015 22:11

آصف زرداری سمیت بہت سے سیاسی رہنماؤں نے انتخابات میں دھاندلی کی بات ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سمیت بہت سے سیاسی رہنماؤں نے انتخابات میں دھاندلی کی بات کی، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پارلیمان میں اپنے خطاب کے دوران برملا اس بات کا اعتراف کیا کہ ہر حلقے میں 60سے 70ہزار ووٹ شناخت کے قابل نہیں۔

نادرا کو اگر شناختی کارڈ نمبرز کے ذریعے ووٹوں کی شناخت کرنا تھی تو انگوٹھوں کے نشانات کی کیا ضرورت تھی۔ نادرا کے سربراہ یہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ مقناطیسی سیاہی ہونے یا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور وہ ووٹوں کی اصلیت کے بارے میں بھی کیسے فیصلہ کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مئی 2013کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے قائم ہونے والے عدالتی کمیشن کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے انعقاد کیلئے مقناطیسی سیاہی کی فراہمی کا مطالبہ کیا تھا۔ چیئرمین نادرا کے عدالتی کمیشن کے رو برو بیان میں بہت سے قابل وضاحت پہلو موجود ہیں۔ انہیں عدالتی کمیشن کی کارروائی پر مکمل اعتماد ہے اور وہ یہ سمجھتے ہیں کہ کمیشن کی کارروائی کے نتیجے میں بہت سے حقائق قوم کے سامنے آئینگے۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2013کے انتخابات میں دھاندلی کے امکانات انتہائی روشن ہیں اور محض تحریک انصاف نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف زرداری سمیت ملک میں موجود بیشتر سیاسی جماعتوں کے قائدین نے انتخابات کی شفافیت پر متعدد مرتبہ سوالات اٹھائے ہیں۔

متعلقہ عنوان :