Live Updates

عوام کو عمران خان کی قیادت پر اعتماد ہے ، انہیں جلد وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں‘ چوہدری سرور

پی ٹی آئی کے کارکنوں کے لئے دس لاکھ روپے کے فنڈ کا اعلان،ہمیں اپنے ورکرز پر ناز ہے‘ عبدالعلیم خان پارٹی کارکنوں میں تعریفی اسناد تقسیم، زبردست جوش و خروش ، نعرے بازی ، ڈھول کی تھاپ پر رقص ، پارٹی قیادت کو خراج تحسین

جمعرات 21 مئی 2015 22:07

عوام کو عمران خان کی قیادت پر اعتماد ہے ، انہیں جلد وزیراعظم دیکھنا ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء ) تحریک انصاف لاہور کی طرف سے لانگ مارچ، دھرنے اور لاہور شٹ ڈاؤن کے موقع پر نمایاں کارکردگی والے پارٹی کارکنوں میں تعریفی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کو عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے اور یوتھ کی مکمل حمایت کے ساتھ عوام انہیں جلد وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ ملک میں تعلیم ، انصاف ، صحت ، روزگار اور دیگر وہ مسائل حل ہوسکیں جو ہماری سیاسی قیادت کی نااہلی کے باعث گذشتہ 68 برسوں سے زیر التواء ہیں ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے اپنے خطاب میں پارٹی کارکنوں کی مالی امداد کے لئے دس لاکھ روپے کے فنڈ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے ورکرز پر فخر اور ناز ہے جنہوں نے کسی جبر اور دھونس کو خاطر میں لائے بغیر عمران خان کی جدوجہد کو جاری رکھا اور 126 روزہ دھرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا - عبدالعلیم خان نے احتجاجی تحریک میں شہید ہونے والے خادم حسین اور محمد شاہد کو خصوصی طور پر خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ کے لئے ہر قسم کے تعاون کی پیشکش کی-چوہدری محمد سرور اور عبدالعلیم خان نے کہا کہ زندہ دلان لاہور نے ایک سے زائد مرتبہ ثابت کردیا کہ وہ دل و جان سے عمران خان کے ساتھ ہیں، 14 اگست کو لاہور سے جس شان و شوکت سے لانگ مارچ کا آغاز ہوا اور 15 دسمبر کو شہر بند کیا گیا وہ پی ٹی آئی کی مقبولیت ثابت کرنے کے لئے کافی ہے - انہوں نے کہا کہ اب کسی کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے جیسے ہی این اے 122 کا حتمی فیصلہ آیا ، لاہور کے شہری دوبارہ سڑکوں پر ہوں گے اور پارٹی فیصلے کے مطابق احتجاج کی حتمی اننگز کھیلی جائے گی -پارٹی قائدین نے کارکنوں کی قربانیوں اور کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعریفی اسناد ان کی خدمات کا صلہ نہیں صرف ایک اعتراف ہے اور انشاء اﷲ پارٹی ورکرز کو آئندہ بھی انکا جائز مقام دیا جائے گا -چوہدری محمد سرور اور عبدالعلیم خان نے لاہور کے مختلف ٹاؤنز سے سینکڑوں کارکنوں کو تعریفی اسناد دیں جن پر پارٹی چیئرمین عمران خان کے دستخط تھے ، انہوں نے سر ٹیفکیٹ حاصل کرنے والے کارکنوں کو مبارک باد دی - دیگر مقررین ایم پی اے میاں اسلم اقبال، شعیب صدیقی ، جمشید اقبال چیمہ ، میاں حامد معراج نے کہا کہ تخت لاہور کے جعلی وارث اپنا ٹھکانا کرلیں ، جھوٹ اور خودساختہ کہانیوں سے نواز لیگ عوام کو مزید بیوقوف نہیں بناسکتی ، ان کی رہی سہی کسر بلدیاتی انتخابات میں نکل جائے گی - اس موقع پر پارٹی کارکنوں نے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے پارٹی نغموں پر جھومتے رہے - کارکنوں نے تعریفی اسناد ملنے پر پی ٹی آئی لاہور کے صدر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں -آئی ایس ایف اور عمران ٹائیگر فورس کے نوجوان خصوصی طور پر پیش پیش رہے اور اسناد تقسیم کرنے کی تقریب کے انتظامات بھی کرتے رہے - پارٹی قائدین عمر سرفراز چیمہ، مہر واجدعظیم، سردار کامل عمر، حافظ فرحت عباس، میاں منشاء سندھو، میاں افتخار ، میاں یامین ٹیپو، خواجہ جمشید امام ،میاں جاوید علی، گلریز اقبال ، لائرز ونگ کے انیس ہاشمی ، سیکریٹری اطلاعات فرخ جاوید مون ، شیخ عامر ، ڈاکٹر شاہد صدیق، فیصل حاکم بھٹی،استاد رشید،نوشیل بدر اور کارکنوں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی-

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات