دہشتگردی کیخلاف ہماری جنگ آج کیلئے نہیں آئندہ نسلوں کیلئے ہے ،جنرل راحیل شریف

جنگیں صرف فوجیں تنہاء نہیں لڑا کرتیں،پوری قوم کی کوششوں کی ضرورت ہوتی ہے آپریشن ضرب عضب میں قابل ذکر کامیابیوں سے شہری علاقوں میں دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کیلئے ماحول پیداہو چکا ہے، آرمی چیف کا کمانڈاینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے دورے کے موقع پر خطاب

جمعرات 21 مئی 2015 20:15

دہشتگردی کیخلاف ہماری جنگ آج کیلئے نہیں آئندہ نسلوں کیلئے ہے ،جنرل ..

راولپنڈی/ کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21مئی۔2015ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف ہماری جنگ آج کیلئے نہیں آئندہ نسلوں کیلئے ہے ،جنگیں صرف فوجیں تنہاء نہیں لڑا کرتیں اس کیلئے پوری قوم کی کوششوں کی ضرورت ہوتی ہے، آپریشن ضرب عضب میں قابل ذکر کامیابیوں سے شہری علاقوں میں دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کیلئے ماحول پیداہو چکا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے جمعرات کو کمانڈاینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ صرف محفوظ پاکستان ہی خوشحال پاکستان ہو سکتا ہے ۔ دہشتگردی اور انتہاء پسندی کیخلاف ہماری جنگ آج کیلئے نہیں بلکہ ہماری آئندہ نسلوں کیلئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جنگیں صرف فوجیں تنہاء نہیں لڑا کرتے اس کیلئے پوری قوم کی کوششوں کی ضرورت ہوتی ہے۔

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے ہمیں درپیش خطرات پیچیدہ اور کثیر جہتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں رد عمل کا روایتی میکنزم موثر نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں قابل ذکر کامیابیوں سے شہری علاقوں میں دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کیلئے ماحول پیدا ہو چکا ہے ۔ قبل ازیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی کوئٹہ آمد پر کمانڈر جنوبی کمان لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے ان کا استقبال کیا ۔