جیسے ہماری پولیس نے ماضی کے کئی کیسز کو حل کیا ہے ویسے ہی سانحہ صفورا چورنگی کے مرکزی ملزمان کو گرفتار کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ صوبے سے جلد ان دہشتگردوں اور ان کے نیٹ ورک کا خاتمہ کردیں گے، سابق صدر پاکستان اورپیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کا بیان

منگل 19 مئی 2015 23:15

جیسے ہماری پولیس نے ماضی کے کئی کیسز کو حل کیا ہے ویسے ہی سانحہ صفورا ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 مئی۔2015ء) سابق صدر پاکستان اورپیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری نے سانحہ صفورا چورنگی کے مرکزی ملزمان کی گرفتاری پر وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ اوردیگر پولیس افسران کو مبارکباد پیش کی ہے۔ پولیس کے جوانوں نے اس کیس میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے ثابت کردیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سندھ حکومت کا جاری آپریشن کامیابی کی جانب گامزن ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ ملزمان کو گرفتار کرنے والے پولیس افسران کو انعام اور تعارفی اسناد دیں۔منگل کوجاری ایک بیان میں آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جس طرح ہماری پولیس نے ماضی کے کئی کیسز کو حل کیا ہے اسی طرح انہوں نے سانحہ صفورا چورنگی کے مرکزی ملزمان کو گرفتار کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ اس شہر اور صوبے سے جلد ان دہشتگردوں اور ان کے نیٹ ورک کا خاتمہ کردیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو خصوصی طور پر اس کیس کو حل کرنے میں پولیس اور دیگر امن و امان کی بحالی کے اداروں کی معاونت پر خراج تحسین پیش کیا ہے اور ساتھ ہی پولیس کے افسران اور نوجوانوں کو بھی شاباشی دی ہے اور وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایات دیں ہے کہ وہ مرکزی ملزمان کی گرفتاری کے لئے جن جن پولیس افسران اور جوانوں نے کردار ادا کیا ہے ان کو انعام اور تعارفی اسناد دیں۔