بھارت کا ایک بار پھر جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت تسلیم کرنے سے انکار

سید علی گیلانی کے بھارت کو اپنا وطن تسلیم کرنے تک پاسپورٹ جاری نہیں کیا جائیگا ،بی جے پی

پیر 18 مئی 2015 18:45

بھارت کا ایک بار پھر جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت تسلیم کرنے سے انکار

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18مئی۔2015ء) بھارت جموں و کشمیر بارے اپنی روایتی ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ جاری رکھتے ہوئے ایک بار پھر کشمیر کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت سے انکار کردیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی جموں وکشمیر شاخ نے بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی کو جو اپنی علیل بیٹی سے ملاقات کیلئے سعودی عرب جانا چاہتے ہیں سے کہاہے کہ جب تک بزرگ رہنماء بھارت کو اپنا وطن تسلیم نہیں کرتے انہیں پاسپورٹ جاری نہیں کیا جائیگا۔

بی جے پی کے ترجمان خالد جہانگیر نے کہاہے کہ جب تک سید علی گیلانی اپنے بھارت مخالف موقف پر معافی نہیں مانگیں گے اور اپنے آپ کو بھارتی شہری تسلیم نہیں کرتے تب تک انہیں پاسپورٹ نہیں دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی پاسپورٹ بھارت کے شہریوں کو ملتا ہے نہ کہ انہیں جو ملک کے آئین اور شہریت کو تسلیم نہیں کرتے۔ انہوں نے مزید کہاکہ جب تک گیلانی گزشتہ 25برس کے دوران بھارت مخالف سرگرمیوں پر معافی نہیں مانگیں گے انہیں کسی بھی صورت میں پاسپورٹ نہیں ملے گا۔

واضح رہے کہ سید علی گیلانی اور انکی اہلیہ نے پاسپورٹ کے حصول کیلئے درخواست دے دی ہے جس پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا ہے ۔ سید علی گیلانی کو پہلی بار 1980میں پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا جو1983میں منسوخ کردیا گیا ۔بزرگ رہنماء نے 1995،2005،2011اور2013میں بھی پاسپورٹ کے حصول کیلئے درخواست دی تھی تاہم انہیں پاسپورٹ جاری نہیں کیا گیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :