بھارتی وزیرعظم منگولیا میں بھی قومی لیڈروں کے ساتھ سیلفیاں لیتے رہے ،روایتی موسیقی کے آلات بجائے ،تیر اندازی بھی کی ، منگولیا کے وزیراعظم نے مودی کو اعلی نسل کا گھوڑا بھی تحفے میں پیش کیا

اتوار 17 مئی 2015 22:12

بھارتی وزیرعظم منگولیا میں بھی قومی لیڈروں کے ساتھ سیلفیاں لیتے رہے ..

اولان باتور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مئی۔2015ء) بھارتی وزیرعظم نریندر مودی منگولیا میں بھی قومی لیڈروں کے ساتھ سیلفیاں لیتے رہے ،روایتی موسیقی کے آلات بھی بجائے اورتیر اندازی بھی کی جبکہ منگولیا کے وزیراعظم نے انھیں ایک اعلی نسل کا گھوڑا بھی تحفے میں پیش کیا۔عالمی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی چین کا تین روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد منگولیا پہنچے جہاں انھوں نے مختلف مقامات کادورہ کیا اور پارلیمان سے خطاب بھی کیا۔

دورہ منگولیا کے دوران مودی نے اولان بتور میں منی نادام فیسٹول میں بھی شرکت کی انھوں نے ایک سفید بولر ٹوپی کے ساتھ ہلکے نیلے رنگ کا روایتی چوغہ نما لباس زیب تن کررکھا تھا۔نریندر مودی نے اپنے منگولین ہم منصب کے ہمراہ تیر اندازی بھی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر قومی سلامتی کے مشیر اجیت دول بھی موجود تھے ۔ مودی نے فیسٹول کے دوران منگولیا کا روایتی موسیقی کا آلہ بھی بجایا ۔

بھارتی وزیراعظم کو منگولیا کے وزیراعظم نے ایک اعلی نسل کے بھورے رنگ کا گھوڑا بھی تحفے میں دیا۔بھارتی وزیراعظم نے منگولیا میں نیشنل کینسر سینٹر کا بھی دورہ کیا اور وہاں اسٹاف کے ساتھ تصویریں بھی کھنچوائیں۔مود ی نے اولان بتور میں منگولیا کے صدر کے ہمراہ روایتی موسیقی کا آلہ مورین کھور بھی بجایا جبکہ صدر نے مودی کو ایک مورین کھور بھی تحفے میں پیش کیا۔

مودی نے اولان بتور میں خانقاہ کے دورے کے دوران ہامبا لامہ کو ایک بودھی درخت کا پودا بھی پیش کیا۔مودی منگولیا کے صدر کے ہمراہ سیلفیاں بھی لیتے رہے ۔واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے منگولیا کیلئے آسان شرائط پر ایک ارب ڈالر قرض دینے کا اعلان کیا ہے جبکہ دونوں ممالک نے کئی شعبوں میں تعاون کے 13 معاہدوں پر بھی دستخط کیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :