پاکستان ریلویز کا پہلی مرتبہ اپنے ملازمین اور مسافروں کو انشورنس کور کی فراہمی کا اقدام

اتوار 17 مئی 2015 21:21

پاکستان ریلویز کا پہلی مرتبہ اپنے ملازمین اور مسافروں کو انشورنس کور ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 مئی۔2015ء) پاکستان ریلویز نے پہلی مرتبہ اپنے ملازمین اور مسافروں کو انشورنس کور کی فراہمی کا اقدام اٹھایا ہے۔ اس سلسلہ میں پاکستان ریلویز اور پوسٹل لائف انشورنش کے مابین پہلے ہی معاہدہ ہو چکا ہے۔ وزارت ریلوے کے حکام نے ”اے پی پی“ کو بتایا کہ ابتدائی مرحلہ میں مسافر کی موت کی صورت میں 8 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا، زخمی یا اپاہج ہونے کی صورت میں 50 ہزار اور 3 لاکھ روپے کا معاوضہ ہو گا۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا کہ معاہدے کے تحت نہ صرف کارآمد ٹکٹ کے حامل ریلوے مسافروں کو انشورنس کی سہولت دی جائے گی بلکہ ملک کے کسی بھی حصہ میں ٹرین پر ڈیوٹی یا سفر کرنے والے ریلوے ملازمین کو بھی یہ سہولت ہو گی۔ انشورنس کلیم 21 دن میں نمٹایا جائے گا جبکہ ادائیگی 45 دن کے اندر کی جائے گی۔ یہ معاہدہ تین سال کیلئے کیا گیا ہے جسے مزید دو سال کی توسیع دی جا سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ریلوے ملازمین کیلئے لائف انشورنس منصوبہ پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ پاکستان ریلویز وفاقی حکومت کا سب سے بڑا ادارہ ہے جو وزارت ریلویز کے زیر انتظام کام کر رہا ہے اور ریلوے پر سفر کرنے والے مسافروں کی مجموعی تعداد سالانہ 6 کروڑ مسافر بنتی ہے

متعلقہ عنوان :