پی سی بی کی کوششیں رنگ لے آئیں،زمبابوے کرکٹ بورڈ نے ٹیم پاکستان بھیجنے کی حامی بھرلی

مہمان ٹیم شیڈول کے مطابق دورہ کرے گی ، ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کریں گے، چیف ایگزیکٹیو پی سی بی سبحان احمد زمبابوے کی ٹیم شیڈول کے مطابق پیر کو پاکستان پہنچے گی،زمبابوے کرکٹ بورڈ کے صدر ولسن مناسے نے دورے کی تصدیق کردی ہے ،تمام میچز شیڈول کے مطابق ہونگے ،چیئرمین پی سی بی شہریار خان کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 15 مئی 2015 17:25

پی سی بی کی کوششیں رنگ لے آئیں،زمبابوے کرکٹ بورڈ نے ٹیم پاکستان بھیجنے ..

لاہور / ہرارے(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 مئی۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مہمان ٹیم کو سخت سیکیورٹی کی یقین دہانی کے بعد زمبابوین بورڈ نے دورہ پاکستان کی حامی بھرلی،چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈشہریار خان نے کہا ہے کہ زمبابوے کی ٹیم شیڈول کے مطابق پیر کو پاکستان پہنچے گی،زمبابوے کرکٹ بورڈ کے صدر ولسن مناسے نے دورے کی تصدیق کردی ہے ،تمام میچز شیڈول کے مطابق ہونگے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سانحہ صفورا گوٹھ کے بعد زمبابوین ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے اگر مگر کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی تاہم پی سی بی نے مہمان ٹیم کو ایک مرتبہ پھر بھرپور سیکیورٹی دینے کی یقین دہائی کرائی جس پرزمبابوین کرکٹ بورڈ نے پاکستان آنے کی حامی کرلی۔گزشتہ روزاطلاعات گردش میں تھیں کہ زمبابوین وزارت خارجہ نے صفورا گوٹھ میں دن دہاڑے بس پر فائرنگ سے بھاری جانی نقصان پر تشویش کا اظہار کیا ہے، حکام کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ٹیم کے ٹورپر کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا جب کہ دورہ پاکستان کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے زمبابوین کرکٹ بورڈ اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے کہاکہ زمبابوے کی جانب سے مثبت جواب ملا ہے ،ٹیم شیڈول کے مطابق دورہ کرے گی اور پیر کو پاکستان پہنچے گی،تحریری جواب کا انتظار ہے۔انھوں نے کہا کہ زمبابوے بورڈ کے چیئرمین نے بتایا ہے کہ وہ بھی پاکستان آرہے ہیں ۔شہریار خان نے کہاکہ زمبابوے کرکٹ بورڈ کے صدر ولسن مناسے نے دورے کی تصدیق کی ،تمام میچز شیڈول کے مطابق ہونگے ،زمبابوے کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کی پاکستان آمد کی مکمل یقین دہانی کرائی ہے ۔

انھوں نے کہاکہ زمبابوے کرکٹ بورڈ کے صدر نے گزشتہ شب ساڑھے گیارہ بجے اور جمعہ کی سہ پہر دورے کی تصدیق کرتے ہوے کہا کہ زمبابوے ٹیم پاکستان آرہی ہے ۔گذشتہ سہ پہر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے اس بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ زمبابوین کرکٹ بورڈ نے اگلے ہفتے شروع ہونیوالے دورے سے پہلے پاکستانی سیکیورٹی صورتحال پر اپنی حکومت سے رابطہ کرلیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اتنے بڑے سانحہ کراچی پر تشویش میں مبتلا ہونا ایک فطری سی بات ہے، مگر ابھی تک مہمان بورڈ کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی بات سامنے نہیں آئی، زیڈ سی کی اپنی حکومت سے مشاورت جاری ہے۔یاد رہے کہ 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم کی بس پرحملے کے بعد پہلی مرتبہ کوئی ٹیسٹ سائیڈ پاکستان کا رخ کر رہی ہے، زمبابوے کو رواں ماہ 19 مئی سے یکم جون تک دورہ کرنا ہے،اس دوران 3 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔