میر ا بلیک واٹر کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ،ذوالفقار مرزا کے الزامات غلط ہیں ، پرائیویٹ فورس بنانیوالا بلیک واٹر کے ایجنٹ ہے ، کراچی واقعہ کی عدالتی تحقیقات کرائی جائیں، براہمداغ بگٹی کو ’’را‘‘نے بھارتی پاسپورٹ جاری کرایا تھا، بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ’’ را‘‘ کے ملوث ہونے کے تمام ثبوت موجود ہیں

پیپلز پارٹی کے رہنما سابق وفاقی وزیر داخلہ سینٹر رحمن ملک کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا گفتگو

جمعہ 15 مئی 2015 17:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 مئی۔2015ء) پیپلز پارٹی کے رہنما سابق وفاقی وزیر داخلہ سینٹر رحمن ملک نے ذوالفقار مرزا کے تمام الزامات کو مستر د کرتے ہوئے کہاہے کہ میر ا بلیک واٹر کے ساتھ کوئی تعلق نہیں بلکہ وہ بلیک واٹر کے ایجنٹ ہیں جس نے اپنی پرائیویٹ فورس بنا رکھی ہے ۔ کراچی کے افسوسناک واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے اور ملوث افراد کو سامنے لایا جائے ، براہمداغ بگٹی کو انڈین پاسپورٹ جاری بھارتی ایجنسی (را) نے کروایا تھااس کے اور بلوچستان میں را کی ملک دشمن سرگرمیوں کے تمام ثبوت موجو د ہیں اورکراچی کے سانحہ میں بھی ملوث ہے، حکومت کو چاہیے کو را کے خلا ف جتنے بھی ثبوت ہیں اس کو عوام کے سامنے لائے اور اس مسئلے کو اقوام متحدہ کے فورم پر اٹھائے ۔

وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیاسے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کراچی میں عالمی ایجنڈے کے تحت حالات خراب کرکے پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش ہے کیونکہ کراچی ہمارا معاشی مرکز ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے واقعہ میں بھارتی خفیہ ایجنسی (را) ملوث ہے وہ ایسی کئی دیگر کاروائیاں کرتی رہی ہے اپنے دور حکومت میں بلوچستا ن میں (را) کی ملک دشمن سرگرمیوں کے حوالے سے ثبوت دیئے تھے اور براہمداغ بگٹی کو پاسپورٹ جاری کرنے کے حوالے سے ثبوت پیش کئے تھے حکومت کو ان تمام ثبوت کو عالمی سطح پر اٹھائے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا بلیک واٹر سے کوئی تعلق نہیں ذوالفقار مرزا کے الزامات بے بنیاد ہیں بلکہ وہ خود بلیک واٹر کے ایجنٹ ہیں ، غیرملکیوں کے ویزے روکنے کے پاداش پر مجھ سے اختیارات واپس لے لئے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتا ہوں۔