کراچی میں اسماعیلی برادری پر دہشت گر دانہ حملہ قابل مذمت ہے ، مزمل صابری

جمعرات 14 مئی 2015 16:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 مئی۔2015ء) تاجر برادری نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک اجلاس میں کراچی میں اسماعیلی برادری کی بس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جس میں 25مردوں اور 16خواتین سمیت تقریبا 45افراد قتل کئے گئے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ حملہ آوروں کو جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے۔

انہوں نے سوگواران کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت و حوصلہ عطا فرمائے۔آمین ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری، سینئر نائب صدر محمد شکیل منیر اور نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ نے کہا کہ تاجر برادری سمیت پوری قوم اسماعیلی برادی کے غم میں برابر کی شریک ہے اور اس المناک گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسماعیلی برادری ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ان پر دہشت گردی کا حملہ ملک کے خلاف سازش کا عکاس ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر اسماعیلی برادری کے تحفظ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے جس بے دردی کے ساتھ معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا ہے اس سے ظاہر ہے کہ ان کا کوئی دین و ایمان نہیں اور وہ ملک کو کمزور کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔انہوں نے کہا کہ کراچی صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ہے اور دہشت گرد اس کا امن تباہ کر کے قومی معیشت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کوشش کرے اور ان کو عبرت کا نشان بنائے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کراچی میں امن وامان بحال کرنے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں لہذا انہوں نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ان اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں تا کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کو دہشت گردی سے پاک کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے کل ریونیو کا 60سے 70فیصد کراچی سے پیدا ہوتا ہے لہذا حکومت کراچی کو ایک پرامن شہر بنانے کیلئے تمام ممکنہ ذرائع استعمال میں لائے تا کہ معیشت بہتر ترقی کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو گذشتہ 13سال کے دوران دہشت گردی کی وجہ سے 100ارب ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچ چکا ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ مل کر ملک کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کی لعنت سے پاک کرنے کی کوشش کرے تاکہ ملک میں پرامن ماحول قائم ہو، صنعت و تجارت کو بہتر فروغ ملے اور معیشت مشکلات سے نکل کر تیز رفتار ترقی کی طرف گامزن ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :