پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدرو سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے گزشتہ روز کراچی میں بس پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے فائرنگ سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 14 مئی 2015 14:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14مئی۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدرو سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے گزشتہ روز کراچی میں بس پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے فائرنگ سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں، دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں، دہشتگردوں نے پر امن کمیونٹی کو نشاند بنا کر بربریت کا بد ترین مظاہرہ کیا ہے سانحہ پر پوری قوم رنجیدہ ہے یہ بات انہوں نے لندن سے ٹیلی فون پر پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین اور اپنے میڈیا کوارڈینٹر محمدسلیم مغل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی کہ پر امن برادری کیخلاف بزدلانہ کاروائی ناقابل فہم ہے دہشتگردی نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے ۔

(جاری ہے)

2برسوں میں اسماعیلی برادری پر چوتھا حملہ سانحہ صفورا فرقہ وارانہ آگ بھڑکانے کی سازش ہے ملکی سیاستدانوں ، سول سوسائٹی، دانشوروں اور علماء کرام کو چاہیے کہ وہ اس دہشتگردی کی کھلے عام مذمت کریں، پولیس وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی غلطیوں کے باوجود ہمیں اپنے اداروں کے ساتھ کھڑے ہو کر ان کا حوصلہ بڑھانا اور دہشتگردوں کیخلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرنا ہے۔

پیپلز پارٹی اسماعیلی برادری کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور یہ سمجھتی ہے کہ یہ وقت حکومت پر دباؤ ڈالنے کا نہیں اکٹھا ہونے کا وقت ہے انہوں نے کہا کہ سانحہ کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے اور ملزمون کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ اور آپریشن کی کامیابی کے لیے دعاگو ہے۔
عبدالقادر شاہین نے کہا کہ مذکورہ واقعہ کے ذریعے ملک میں فرقہ وارانہ آگ بھڑکانے کی گہری شازش کی گئی ہے تاکہ نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ضرب عضب کے ذریعے ملک کی سالمیت اور بقاء کے لیے جانے والے اقدامات کو سبوتاژ کیا جا سکے انہوں نے زور دیا کہ عوام اس وقت امن و امان کے قیام کے لیے صبرو تحمل سے کام لیں اور اتحاد و یگانگت کا عملی مظاہرہ پیش کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملا دیں۔

دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں کو گرفتار کر کے سرعام سزائیں دی جائیں۔