کراچی، اسماعیلی برادری کے 44افراد کو آہوں اور سسکیوں میں سخی حسن کے قریب النورسوسائٹی قبرستان میں سپردخاک

جمعرات 14 مئی 2015 14:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 مئی۔2015ء) کراچی کے علاقے صفوراچورنگی کے قریب بس پر فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق اسماعیلی برادری کے 44افراد کو آہوں اور سسکیوں میں سخی حسن کے قریب النورسوسائٹی قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا ۔قبل ازیں جاں بحق افرادکی اجتماعی نماز جنازہ جمعرات کی صبح الاظہر گارڈن اسکیم 33میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظاما ت کئے گئے تھے ۔

نماز جنازہ میں سیاسی،سماجی رہنماؤں سمیت شہریوں کی ایک کثیرتعدادنے شرکت کی ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے صفورا چورنگی کے قریب بدھ کو دہشت گردی کے افسوسناک واقعے میں جاں بحق 44افراد کی اجتماعی نماز جنازہ جمعرات کی صبح الاظہر گارڈن اسکیم 33میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظاما ت کئے گئے تھے جبکہ اسماعیلی برادری کے اسکاؤٹس نے بھی سیکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالی ہوئی تھی ۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین، اسماعیلی برادری کے افراد،وزیر مملکت عبدالحکیم بلوچ ، مسلم لیگ نواز کے سینیٹر سلیم ضیا ، تحریک انصاف کے علی زیدی ، مسلم لیگ ق کے حلیم عادل شیخ بھی شریک ہوئے ۔ نماز جنازہ کی ادائیگی سے پہلے آغا خان اسپتال سے 32 جبکہ ایدھی سرد خانے سے 12 میتوں کو الاظہر گارڈن لایا گیا ۔ اس موقع پر الاظہر گارڈن سے لے کر یونیورسٹی روڈ تک پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کے علاوہ پولیس کے 200 ، ریپڈ ریسپانس فورس کے 100 جوان اور اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ بھی تعینات کیئے گئے تھے ۔

اس موقع پررقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ، ہر آنکھ اشک بار تھی اور ہر لب پر مرنے والوں کے لیے دعا تھی۔ نماز جنازہ کے بعد جاں بحق افراد کی میتیں ایمبولینسوں میں کراچی کے علاقے سخی حسن کے قریب آغاخان کمیونٹی کے النور سوسائٹی قبرستان پہنچائی گئیں ۔قبرستان کے باہر بھی پولیس اہل کاروں کی ایک بڑی تعدادتعینات کی گئی تھی۔جہاں آنسووں اور سسکیوں کے ساتھ مرنے والوں کو سپردخاک کردیا گیا ۔پرنس کریم آغا خان نے سانحہ صفورا گوٹھ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیلی پرامن اورعالمگیرجماعت ہے۔

متعلقہ عنوان :