سانحہ کراچی میں پاکستان کی ترقی کی مخالف قوتیں ملوث ہیں ‘ احسن اقبال

جمعرات 14 مئی 2015 13:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 مئی۔2015ء) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سانحہ کراچی میں پاکستان کی ترقی کی مخالف قوتیں ملوث ہیں‘ دہشتگردانہ واقعات قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے‘ ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنا ئیں گے‘ ملکی مسائل کے حل کے لئے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہو جائیں ایک انٹرویو میں احسن اقبال نے کہا کہ سانحہ کراچی میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں‘ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔

ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن سے مجموعی سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ ملک معاشی ترقی کے راستے پر گامزن ہے‘ عالمی سطح پر بھی پاکستان کی اقتصادی ترقی کو سراہا جارہا تھا۔

(جاری ہے)

واقعہ میں پاکستان کی ترقی کی مخالف قوتیں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ ہم ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پرعزم ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی ایک سوچ کا نام ہے‘ حکومت دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے اجلاس میں تمام سیاسی قائدین نے اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔ چین کی پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری قدرت کا ہمارے لئے تحفہ ہے۔ قومی اہمیت کے اس منصوبے پر کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہیے ‘ حکومت تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے گی۔