وزیر داخلہ ناسازی طبیعت کے باعث وزیراعظم کے ہمراہ کراچی نہ جاسکے، کراچی بس حملے بارے ڈی جی رینجرز سندھ اوردیگر متعلقہ حکام سے مسلسل ٹیلی فون رابطے میں رہے

بدھ 13 مئی 2015 20:58

وزیر داخلہ ناسازی طبیعت کے باعث وزیراعظم کے ہمراہ کراچی نہ جاسکے، کراچی ..

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 مئی۔2015ء ) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان علالت کے باعث وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ کراچی نہ جاسکے تاہم وہ کراچی میں بس پر فائرنگ کے واقعہ کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد ڈی جی رینجرز سندھ اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اعلیٰ حکام سے مسلسل ٹیلی فون پر رابطے میں رہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان گزشتہ دو دن سے گلے کے وائرل انفیکشن کی وجہ سے بخار میں مبتلا ہیں اور دو دن سے وہ پنجاب ہاؤس میں بھی نہیں آئے اور اپنی رہائش گاہ سے ہی بدھ کو کراچی میں بس پر فائرنگ کے المناک واقعہ کے بعد ڈی جی رینجرز سے متعدد مرتبہ ٹیلی فون پر رابطہ قائم کیا ۔

وزارت داخلہ کے ذرائع نے کو بتایا کہ وزیر داخلہ اگر صحت یاب ہوتے تو وہ وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ کراچی ضرور جاتے ۔ ذرائع نے بتایا کہ صحت یاب ہونے کے بعد وزیر داخلہ کراچی کا فوری طور پر دورہ کریں گے اور اس واقعہ سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا جائزہ لیں گے ۔