ایشیائی ترقیاتی بینک کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹجی برائے 2015-19ء کیلئے پاکستان کو 6 ارب ڈالر فراہم کرے گا

پاکستان کو وسطی اور مغربی ایشیاء کے ساتھ منسلک کرنے کا وژن کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹجی کا اہم حصہ ہو گی ٗسلیم سیٹھی

منگل 12 مئی 2015 22:06

ایشیائی ترقیاتی بینک کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹجی برائے 2015-19ء کیلئے پاکستان ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 مئی۔2015ء) ایشیائی ترقیاتی بینک کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹجی برائے 2015-19ء کیلئے پاکستان کو 6 ارب ڈالر فراہم کریگا منگل کو ایشیائی ترقیاتی بینک اور اقتصادی امور ڈویژن کا مشترکہ اجلاس منگل کو اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن سلیم سیٹھی اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے وائس پریذیڈنٹ وینکائے ژانگ نے کی۔

اجلاس میں پاکستان کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹجی اور کنٹری بزنس آپریشن پلان زیر غور لائے گئے اس موقع پر سلیم سیٹھی نے حکومت پاکستان کے وژن 2025ء کے تحت ترجیحی شعبوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک پر زور دیا کہ پاکستان کی معیشت کے اہم شعبوں بشمول توانائی، انفراسٹرکچر، تعلیم اور صحت کیلئے فنڈنگ بڑھائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو وسطی اور مغربی ایشیاء کے ساتھ منسلک کرنے کا وژن کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹجی کا اہم حصہ ہو گی۔ اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے کنٹری پارٹنرشپ سٹریٹجی کے تحت آئندہ پانچ سال کیلئے 6 ارب ڈالر کی فنانسنگ پر رضا مندی ظاہر کی۔ یہ فنڈز توانائی کی قلت پر قابو پانے کیلئے 660 میگاواٹ کے جامشورو کول پراجیکٹ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ حسن ابدال۔

حویلیاں اور گوجرہ۔خانیوال موٹرویز کی تعمیر جیسے منصوبوں کیلئے استعمال ہوں گے، آئندہ پانچ سال میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے 100 سے 300 میگاواٹ پیداواری استعداد کے حامل چھوٹے اور درمیانے ڈیم تعمیر کئے جائیں گے جن سے 2000 میگاواٹ بجلی حاصل ہو سکے گی۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے داسو اور دیامر بھاشا ڈیم جیسے توانائی کے بڑے منصوبوں کیلئے ملٹی ڈونر فنانسنگ کے ذرائع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ایڈیشنل سیکرٹری انجم اسد امین اور سینئر جوائنٹ سیکرٹری پرویز احمد جونیجو نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی پورٹ فولیو مینجمنٹ سے متعلق معاملات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے منصوبوں کے جلد نفاذ اور خریداری کے امور کو طے کرنے کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے پاکستان ریذیڈنٹ مشن کے کردار کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ واضح رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے وائس پریذیڈنٹ وینکائے ژانگ چار روزہ دورہ پر پاکستان میں ہیں۔ اس دوران وہ وزیراعظم محمد نواز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور صوبوں کے وزراء اعلی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :