نگران حکومت فرائض سے بخوبی آگاہ ہے ،عام انتخابا ت بارے بھرپور اقدامات کئے ہیں، شیر جہان میر

سید مہدی شاہ کی نگران صوبائی حکومت پر بلا جواز تنقید سمجھ سے بالاتر ہے، وہ تنقید کرنے کی بجائے پارٹی میں اتحاد پیدا کر کے انتخابات کی تیاری کریں، وزیراعلی گلگت بلتستان

منگل 12 مئی 2015 17:24

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 مئی۔2015ء) نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان شیر جہان میر نے کہا ہے کہ نگران صوبائی حکومت اپنے فرائض سے بخوبی آگاہ ہے اور اپنے فرائض بخوبی سرانجام دے رہی ہے ۔قانون سازاسمبلی کے عام انتخابا ت کے حوالے سے نگران حکومت نے بھرپور اقدامات کیے ہیں حال ہی میں انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اہم اجلاس وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں چیف الیکشن کمشنر، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، صوبائی سیکریٹری داخلہ اور انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان سمیت اہم ذمہ داران نے شرکت کی جس میں شفاف الیکشن کے انعقاد، ضابطہ اخلاق پر عمل در آمد یقینی بنانے کی حکمت عملی اور الیکشن کے دوران امن وامان کی فضاء قائم رکھنے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے۔

نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان شیر جہان میر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر سید مہدی شاہ کا نگران صوبائی حکومت پر بلا جواز تنقید سمجھ سے بالاتر ہے۔

(جاری ہے)

سید مہدی شاہ نگران حکومت کی اہلیت کے بارے میں تنقید کرنے کے بجائے اپنی پارٹی میں اتحاد پیداکر کے انتخابات کی تیاری کریں۔ نگران وزیرا علیٰ گلگت بلتستان شیر جہان میر نے کہا ہے کہ سیدمہدی شاہ دن کو خواب دیکھناچھوڈ دیں اور نگران حکومت پر بلا جواز تنقید نہ کریں۔

نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان شیر جہان میر نے کہا ہے کہ نگران حکومت کی سربراہی میں الیکشن کے انعقاد کیلئے ہونے والے اجلاس کی روشنی میں چیف سیکریٹری گلگت بلتستان طاہر حسینـ، انسپکٹر جنرل پولیس گلگت بلتستان ظفر اقبال اعوان اور چیف الیکشن کمشنر نے متعدداجلاس الیکشن کے انعقاد اور امن وامان برقرار رکھنے کیلئے کئے ہیں اور نگران حکومت الیکشن کے حوالے سے اپنے فرائض سے بخوبی آگاہ ہے اور الیکشن کے غیر جانبدار انعقاد کیلئے کوشاں ہے۔

متعلقہ عنوان :