اسامہ سے متعلق صحافی کی رپورٹ بے بنیاد ہے ‘ وائٹ ہاوٴس

منگل 12 مئی 2015 13:03

اسامہ سے متعلق صحافی کی رپورٹ بے بنیاد ہے ‘ وائٹ ہاوٴس

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 مئی۔2015ء) امریکی حکام نے اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے حوالے سے میڈیا کی رپورٹوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسامہ سے متعلق صحافی کی رپورٹ بے بنیاد ہے ۔وائٹ ہاوٴس کے قومی سلامتی کے ترجمان نیڈ پرائس نے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسامہ بن لادن کے حوالے سے صحافی کی جانب سے کئے جانے والے دعوے میں صداقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوباما انتظامیہ امریکی صحافی سیمورہرش کی اسامہ بن لادن کے حوالے سے تازہ رپورٹ کو مسترد کرتی ہے اور رپورٹ میں اوباما انتظامیہ سے متعلق جتنی باتیں بھی بیان کی گئی ہیں وہ جھوٹ ہیں۔ترجمان نے کہا کہ رپورٹ میں بیان کردہ واقعات کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں اور اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن صرف امریکا نے کیا تھا۔

(جاری ہے)

وائٹ ہاوٴس کے ترجمان نے کہا کہ یہ بات کئی بار بیان کی جاچکی ہے کہ اسامہ کے خلاف ہونے والے آپریشن کے بارے میں صرف امریکا کے کچھ سینئرحکام کو ہی معلومات تھیں اور صدر اوباما نے آپریشن کے مکمل ہونے تک اس بارے میں پاکستان سمیت کسی بھی حکومت کو اطلاع نہ دینے کی ہدایات کی تھیں۔

ترجمان نے کہا کہ امریکا اور پاکستان القاعدہ کے خلاف کئی مشترکہ کارروائیوں کا حصہ رہے ہیں تاہم یہ آپریشن صرف اور صرف امریکی فورسز نے کیا تھا۔واضح رہے کہ امریکی صدر باراک اوباما نے 2 مئی 2011 کے روز اعلان کیا تھا کہ پاکستان کے علاقے ایبٹ آباد میں امریکی فوجیوں نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے آپریشن کیا ہے جس میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو ہلاک کردیا گیا ہے۔