ہمارے پاس داؤد ابراہیم کی پاکستان میں موجودگی کے شواہد موجود ہیں ٗہر صورت میں واپس لایا جائیگا ٗبھارتی وزیر داخلہ کا الزام

داؤد ابراہیم کی واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ٗ راج ناتھ سنگھ کا لوک سبھا میں خطاب وزیرمملکت برائے داخلہ نے بھارتی پارلیمنٹ میں کہا تھا داؤد ابراہیم کی موجودگی کا علم نہیں ٗ رپورٹ

پیر 11 مئی 2015 20:19

ہمارے پاس داؤد ابراہیم کی پاکستان میں موجودگی کے شواہد موجود ہیں ٗہر ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 مئی۔2015ء) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ایک بار پھر الزام عائد کیا ہے کہ ہمارے پاس داؤد ابراہیم کی پاکستان میں موجودگی کے شواہد موجود ہیں ٗہر صورت میں واپس لایا جائے گا ٗداؤد ابراہیم کی واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ بھارتی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چاہے ہمیں پاکستان کے پیچھے لگنا پڑے یا اس پر دباؤ ڈالنا پڑے، ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہم داؤد ابراہیم کو واپس نہیں لے آتے۔

بھارتی وزیرنے کہاکہ ہماری حکومت اپنی طاقت کے مطابق سب کچھ کرے گی تاکہ داؤد ابراہیم کو واپس لایا جاسکے۔بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت پاکستان میں داؤد ابراہیم کی موجودگی سے واقف ہے تاہم اس کی موجودہ جائے وقوع کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہ جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ داؤ د ابراہیم کی موجودگی کے تمام تر دستاویزات اور شواہد کے باوجود پاکستان اسے تلاش کرنے یا اس کے خلاف کوئی اقدام کرنے میں ناکام رہا ہے۔

واضح رہے کہ راج ناتھ سنگھ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب گزشتہ دنوں ہندوستان کے ہی وزیر مملکت برائے داخلہ امور ہری بھائی چوہدری نے پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ انڈیا کو معلوم نہیں کہ داؤد ابراہیم کہاں موجود ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ داؤد ابراہیم کہاں موجود ہے وہ اب تک پتا نہیں چل سکتا ہے، داؤد ابراہیم کی ملک واپسی کے حوالے سے اقدامات اسی وقت ہوسکتے ہیں جب معلوم ہوجائے کہ وہاں کہاں ہے۔

متعلقہ عنوان :