گلگت بلتستان کے عوام باشعور اور محب وطن ہیں جو سیاسی شعبدہ بازوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے‘ اے پی ایم ایل عوام کی طاقت سے کامیاب ہو کر گلگت بلتستان کی حقیقی تعمیر و ترقی کا سلسلہ جاری رکھے گی، سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف کا گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب

اتوار 10 مئی 2015 20:30

گلگت بلتستان کے عوام باشعور اور محب وطن ہیں جو سیاسی شعبدہ بازوں کے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 مئی۔2015ء) سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام باشعور اور محب وطن ہیں جو سیاسی شعبدہ بازوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ اے پی ایم ایل عوام کی طاقت سے کامیاب ہو کر گلگت بلتستان کی حقیقی تعمیر و ترقی کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پرویز مشرف نے گلگت بلتستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ماضی کے تجربات اور میرے دور میں ہونیوالی ترقی کو سامنے رکھ کر فیصلہ کریں اور سیاسی شعبدہ بازوں کے جھانسے میں آنے کی بجائے صاف شفاف اور محب وطن قیادت کا انتخاب کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ اے پی ایم ایل نے گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور وہ بہت جلد گلگت بلتستان کا دورہ کریں گے۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات میجر جنرل (ر) راشد قریشی نے کہا کہ بے ضابطگیوں اور دھاندلی میں کوئی فرق نہیں ، حکمران اور ان کے وزراء عوام کو گمراہ کرنے کی بجائے فوری طور پر مستعفی ہو جائیں تا کہ ملک میں منصفانہ انتخابات کرائے جا سکیں۔