کوئی صوبہ کسی جماعت پر پابندی نہیں لگا سکتا ہے ،یہ وفاق کا کام ہے،نثار احمد کھوڑو

میں آمروں کی گود میں بیٹھ کر باتیں کرنیوالوں کی بات کا جواب نہیں دیتا، سینئر وزیر کی صحافیوں سے بات چیت

منگل 5 مئی 2015 21:13

کوئی صوبہ کسی جماعت پر پابندی نہیں لگا سکتا ہے ،یہ وفاق کا کام ہے،نثار ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) سندھ کے سینئر وزیربرائے تعلیم و خواندگی وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ کوئی صوبہ کسی جماعت پر پابندی نہیں لگا سکتا ہے ۔ یہ وفاق کا کام ہے ۔ مسلم لیگ (فنکشنل ) ، پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن )کے ارکان قومی اسمبلی میں بھی ہیں مگروہاں الطاف حسین کے خلاف کوئی قرارداد کیوں پیش نہیں کیا جا رہی ۔

شہریار خان مہر کے والد غوث بخش خان مہر نے اس معاملے پر کوئی بیان تک نہیں دیا۔ منگل کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہریار مہر اور ان کا خاندان لوٹا ہے ،جو پہلے پیپلز پارٹی میں تھا اب کسی اور جماعت میں ہے ۔میں آمروں کی گود میں بیٹھ کر باتیں کرنیوالوں کی بات کا جواب نہیں دیتا، شہریار مہر آمروں کے ساتھ بیٹھنے والوں میں سے ہیں،ہم نے1993 میں سندھ اسمبلی کو ٹوٹنے سے بچایا، یہ لوگ کہتے ہیں کہ میں پیپلز پارٹی کا وفادار نہیں، میں سب کو چیلنج کرتا ہوں کہ آئیں وہ یہ بات ثابت کردیں کہ میں پیپلز پارٹی کا وفادار نہیں اگر ایسا ثابت کردیاگیا تو میں معافی مانگوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے بے نظیر بھٹو نے پیپلز پارٹی میں قبول کیا تھا اگر میں غلط تھا تو شہید بی بی ایسا نہ کرتیں، انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ جمہوریت کے لیے کیسے جیل کاٹی جاتی ہے۔