`بھکر،افسران اور سیاسی شخصیات فوٹو سیشن تک محدود ہفتہ صفائی مہم کے دعوے دھرے رہ گئے `

جمعہ 1 مئی 2015 22:56

بھکر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم مئی۔2015ء )حکومت پنجاب کی جانب سے ہفتہ صفائی مہم کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ،افسران اور سیاسی شخصیات صرف فوٹو سیشن تک محدود ،تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کے احکامات کی روشنی میں صوبہ بھر کی طرح بھکر میں بھی ہفتہ صفائی مہم کا افتتاح بڑے زورشور سے کیا گیا اور اس میں باقاعدہ طور پر ایم این ایز ،ایم پی ایز اور سرکاری افسران کو دعوت دی گئی تھی جنھوں نے عملی طور پرسڑک پرجھاڑولگا کر عوام کو اور سرکاری اداروں خاص طورپر ٹی ایم اے کی ہفتہ صفائی کی طرف توجہ مبذول کرانا تھی مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ یہ مہم صرف فوٹو سیشن اور دعوؤں تک ہی محدود ہو کررہ گئی ہے اور ضلع بھر میں صفائی کے انتظامات جوں کے توں ہیں ۔

(جاری ہے)

عوامی سماجی حلقوں نے اس حوالہ سے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی ایم اے افسران ہفتہ صفائی مہم کے دوران بالکل ناکام ہوچکے ہیں اور صفائی کے خصوصی انتظامات کرنے کی بجائے افسران محض کاغذوں کا پیٹ بھرنے میں مصروف نظر آرہے ہیں اور شہر میں ویسے ہی گندگی کے انبار موجود ہیں انہوں نے کہا کہ اندرون شہر کے محلہ جات ،چوہان نگر ،احمد آباد ،تین مرلہ سکیم ،نعمانیہ مسجد والی گلی ،بہل روڈ پھاٹک ،محلہ حیدر آباد،سردار بخش روڈ سمیت شہر کے اکثر محلے اور گلیاں گندگی اور گٹروں کے پانی سے بھری پڑی ہیں اور ٹی ایم اے افسران اور دیگر شخصیات ہفتہ صفائی مہم کے نام پر محض فوٹو سیشن تک ہی محدود ہیں انہوں نے ڈی سی ا و بھکر سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔`