حکومت انٹرپول کے ذریعے الطاف حسین کو گرفتار کرکے پاکستان لائے‘اعجازچوہدری

الطاف حسین کے تقریر پر نوازشریف اور زرداری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ،نوازشریف اپنی حکومت بچانے کی بجائے ملک کو بچائیں

جمعہ 1 مئی 2015 21:41

حکومت انٹرپول کے ذریعے الطاف حسین کو گرفتار کرکے پاکستان لائے‘اعجازچوہدری

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم مئی۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاہے کہ الطاف حسین کی قومی اداروں کے خلاف شر انگیز تقریر کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، حکومت انٹرپول کے ذریعے الطاف حسین کو گرفتار کرکے پاکستان لائے، الطاف حسین کے تقریر پر نوازشریف اور زرداری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ،نوازشریف اپنی حکومت بچانے کی بجائے ملک کو بچائیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ نوازشریف الطاف حسین کی شرانگیز تقریر کا معاملہ برطانیہ کی حکومت کے سامنے اٹھانے سے کیوں ڈر رہے ہیں۔ الطاف حسین مسلسل قومی اداروں پر تنقید اور شرانگیز تقریر کے ذریعے اپنے کارکنوں کو اکسانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جنہیں کوئی روکنے والا نہیں،وقت آگیا ہے کہ ان کے خلاف فیصلہ کن کاروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ الطاف حسین کی قومی اداروں کے خلاف تنقید پاکستان کے خلاف گہری سازش ہے،الطاف حسین ملک دشمن قوتوں کے آلہ کاربنے ہوئے ہیں ۔ سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود ایم کیو ایم کے مسلح ونگ کے خلاف ابھی تک کیوں کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ ایس ایس پی ملیر نے ایم کیو ایم کا اصل چہرہ بے نقاب کیا تو انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیاوزیراعلیٰ سندھ کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ الطاف حسین اپنی زبان کو لگام دے، الطاف حسین نے قومی اداروں کو مذاق سمجھ رکھا ہے اگر ان کے خلاف کاروائی نہیں کی گئی تو پھر کراچی میں امن کا قیام خواب ہی رہے گا، قومی اداروں کو دھمکیاں دینے والوں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا۔