کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے 20ٹرک امدادی سامان خیبرپختونخواہ حکومت کے حوالے کر دیا

پشاورمیں وزیر معدنیات ضیاء اﷲ آفریدی نے پنجاب حکومت کی طرف سے بھجوایا گیا امدادی سامان وصول کیا ضرورت پڑنے پر مزید امدادی سامان بھی بھیجا جاسکتا ہے‘ وزیر داخلہ پنجاب کی گفتگو /حکومت خیبرپختونخواہ کا اظہار تشکر

جمعرات 30 اپریل 2015 20:44

کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے 20ٹرک امدادی سامان خیبرپختونخواہ حکومت کے حوالے ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزدہ نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر پشاور اور گردونواح میں طوفانی بارشوں سے متاثرہ پختون بھائیوں کے لیے 20ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان خیبرپختونخواہ کے وزیر معدنیات ضیا اﷲ آفریدی اور ایڈوائزر اینٹی کرپشن ڈاکٹر حیدر علی کے سپرد کردیا۔

اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب جواد اکرم بھی موجود تھے۔ دو کروڑ روپے مالیت کے امدادی سامان میں ٹینٹ ، مچھر دانیاں، چٹائیاں، چاول ، دالیں، آٹا گھی، خشک میوہ جات اور کھانے پینے کی دیگر اشیا شامل ہیں۔ پختون بھائیوں کے لیے بھیجا جانے والا امدادی سامان پی ڈی ایم اے پشاور کے وئیر ہاؤس میں ڈلیور کیا گیا۔ صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے موقع پر موجود ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں اپنے پختون بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ اور غم میں برابرکی شریک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے خصوصی ہدایت کی ہے کہ ضرورت پڑنے پرمتاثرین کی مدد کے لیے مزید امدادی سامان بھی بھیجا جائے گا۔ خیبر پختونخواہ کی حکومت کی جانب سے وزیر معدنیات ضیا اﷲ آفرید ی اور ڈاکٹر حیدر علی خان نے امدادی سامان بھیجنے پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :