شاہد آفریدی کا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2016ء کے بعد انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

جمعرات 30 اپریل 2015 16:03

شاہد آفریدی کا ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2016ء کے بعد انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ ..

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار30اپریل۔2015ء) قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ورلڈ ٹی ٹونٹی 2016ء کے بعد انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ کراچی میں کینسر کے مریض 14سالہ بچے سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ 2016ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے بعد ریٹائر منٹ لے لوں گا،خواہش ہے کہ بھارت میں پاکستان کا پرچم بلند کروں۔

(جاری ہے)

آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں کہ تھا کہ وہ پاکستان کے لیے کھیلیں گے،عالمی کرکٹ تبدیل ہورہی ہے لہذا پاکستان کرکٹ کو بھی تبدیل ہونا ہوگا، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ2016ء کے بعد خوشگوار طریقے سے کیریئر کا اختتام کر نا چاہتا ہوں۔اس موقع پر انہوں نے کینسر کے مریض بچے کو 5لاکھ روپے کا چیک دینے کے ساتھ ساتھ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان سے اپیل کی کہ وہ لاہور اور پشاور کی طرح کراچی میں بھی کینسر کا ہسپتال بنائیں، آفریدی کا کہنا تھا کہ ان کے والد بھی کینسر کے موذی مرض کے باعث فوت ہوئے تھے۔ یادرہے کہ آل راؤنڈر شاہد آفریدی 2010ء میں ٹیسٹ اور ورلڈ کپ 2015ء میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔