کوئٹہ :صولت مرزا کے نئے ڈیتھ وارنٹ آج جاری ہونے کا امکان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 30 اپریل 2015 10:53

کوئٹہ :صولت مرزا کے نئے ڈیتھ وارنٹ آج جاری ہونے کا امکان

کوئٹہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 30 اپریل 2015ء) : مچھ کی سنٹرل جیل میں سزائے موت کےمنتظر قیدی صولت مرزا کی پھانسی کی مدت میں صدر مملکت کی جانب سے کی گئی توسیع کی مدت آج ختم ہورہی ہے۔سنٹرل جیل مچھ ذرائع کے مطابق جیل حکام کی جانب سے دو روز قبل صولت مرزا کے نئے ڈیتھ وارنٹ کے لئےانسداد دہشت گردی کی عدالت کراچی کو مراسلہارسال کیاتھا جو کہ کراچی میں عدالت کو موصول بھی ہوگیاتھا،جیل ذرائع کے مطابق صولت مرزا کے نئےڈیتھ وارنٹ آج جاری ہونے کا امکان ہے۔

نئے ڈیتھ وارنٹ جاری ہونے کے بعد صولت مرزا کی پھانسی کی نئی تاریخ مقررکی جائے گی۔یاد رہے کہ اس سے قبل صولت مرزا کو انیس مارچ کو پھانسی دی جانا تھی، تاہم پھانسی سے پانچ گھنٹے قبل ویڈیو بیان میں صولت مرزا کی جانب سے اہم انکشافات اور پھانسی کی سزا کچھ عرصہ کے لئے موخر کرنے کی اپیل پر صدر مملکت نے قیدی کی پھانسی بہتر گھنٹے تک موخر کردی تھی۔

(جاری ہے)

اس کے بعد صدر مملکت نے قیدی کی پھانسی میں تیس اپریل تک مزید توسیع کردی تھی۔اس دوران تفتیش کے لئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے مچھ جیل میں صولت مرزا سے تفتیش بھی کی تھی۔ تفتیش مکمل ہونے کے بعد جے آئی ٹی کی رپورٹ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے وفاق کو بھجوا دی گئی ہے. جبکہ محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ صولت مرزا سے متعلق فیصلہ وفاق ہی کو کرنا ہے.