سعودی کابینہ میں رد و بدل ، ولی عہد شہزادہ مقرن اور وزیر خارجہ برطرف

بدھ 29 اپریل 2015 10:57

سعودی کابینہ میں رد و بدل ، ولی عہد شہزادہ مقرن اور وزیر خارجہ برطرف

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اپریل2015ء)سعودی عرب کے فرمانرواں سلمان بن عبدالعزیز نے کابینہ میں بڑی رد و بدل کرتے ہوئے ولی عہد شہزادہ مقرن اور وزیرخارجہ سعود الفیصل کو برطرف کردیا ۔ شہزادہ نائف نئے ولی عہد اور محمد بن سلمان نائب ولی عہد ہوں گے ۔ سعودی شاہ سلمان نے شاہی فرمان جاری کرتے ہوئے شہزاد مقرن کو ولی عہد کے عہدے سے ہٹا دیا ہے اور ان کی جگہ اپنے بھتیجے شہزادہ محمد بن نائف کو ولی عہد مقرر کردیا ۔

(جاری ہے)

شہزادہ محمد بن نائف تیس اگست انیس سو انسٹھ کو جدہ میں پیدا ہوئے ، ان کے والد شہزادہ نائف بن عبدالعزیز مرحوم سعودی عرب کے وزیر داخلہ اور سابق ولی عہد تھے ۔ شاہ سلمان نے وزیر دفاع کے منصب پر فائز اپنے تیس سالہ بیٹے شہزادہ محمد بن سلمان کو نائب ولی عہد مقرر کیا ہے ۔ وزیر خارجہ سعود الفیصل کو بھی وزارت خارجہ کے منصب سے ہٹا کر ان کی جگہ امریکا میں سعودی عرب کے سفیر عادل الجبیر کو وزیر خارجہ کا عہدہ دیا گیا ہے جبکہ شہزادہ منصور بن مقرن کو شاہی دیوان کا مشیر مقرر کیا گیا ہے ۔ ان کا عہدہ وزیر کے برابر ہوگا ، شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حمد بن عبدالعزیز السویلم کو شاہی دیوان کا صدر مقرر کیا ہے ۔