Live Updates

خیبرپختونخوا میں تیز آندھی اور بارش نے تباہی مچادی ،بچوں اور خواتین سمیت 35افراد جاں بحق ، درجنوں زخمی ،کئی علاقوں میں سائن بورڈ گر گئے ، درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ، بجلی اور مواصلات کے نظام کو نقصان پہنچا ، بجلی غائب ،صدر ممنون حسین ،وزیر اعظم نواز شریف کا انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور دکھ کا اظہار ، متعلقہ حکام کو صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت ، امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں ، بجلی کا نظام فوری بحال کیا جائے ،عمران خان کی وزیر اعلیٰ کو ہدایت

اتوار 26 اپریل 2015 22:56

خیبرپختونخوا میں تیز آندھی اور بارش نے تباہی مچادی ،بچوں اور خواتین ..

پشاور/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اپریل۔2015ء) صوبائی دارالحکومت سمیت خیبرپختون خوا میں تیز آندھی اور بارش نے تباہی مچادی ، چھتیں گر نے کے واقعات میں بچوں اور خواتین سمیت 35افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ،زخمیوں میں بعض کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ہے ، کئی علاقوں میں سائن بورڈ گر گئے کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ، بجلی اور مواصلاتی نظام کو نقصان پہنچا ، کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی صدر ممنون حسین ،وزیر اعظم نواز شریف نے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے ،پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں ، بجلی کا نظام فوری بحال کیا جائے تفصیلات کے مطابق پشاور میں تیز آندھی اور چھتیں گر نے کے واقعات میں بچوں اور خواتین سمیت 23افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے شدید بارشوں سے زیادہ نقصان چارسدہ روڈ، بدھو ثمر باغ، بڈھنی پل، لیاقت آباد اور گردونواح میں ہوا جہاں سائن بورڈ گر گئے اور کئی درخت بھی جڑوں سے اکھڑ گئے ریسکیو ذرائع نے مختلف واقعا ت میں بچوں سمیت درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی ہے جنہیں شہر کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا صورتحال کے باعث شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ،چارسدہ میں بھی مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں میاں بیوی جاں بحق ہو گئے جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 35ہوگئی ذرائع کے مطابق موسلا دھار بارش اور بجلی کا نظام درہم برہم ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کاسامناکرنا پڑا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور شہر میں تیز آندھی کی رفتار70 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی اور آئندہ 24 گھنٹوں میں پشاور ، ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن میں آندھی اور تیز بارش کا امکان ہے دوسری جانب صدر مملکت ممنون حسین ،وزیر اعظم نوازشریف نے خیبر پختون خوا میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث ہلاکتوں پر افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروے کار لانے کی ہدایت کی ہے صدر اور وزیر اعظم نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیا ت فراہم کر نے کی ہدایت کی ہے دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں عمران خان وزیراعلیٰ کو ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کا نظام فوری بحال کیا جائے

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات