پشاور میں بارش نے تباہی مچا دی، چھتیں گرنے سے 35 جاں بحق، سینکڑوں زخمی

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 26 اپریل 2015 21:26

پشاور میں بارش نے تباہی مچا دی، چھتیں گرنے سے 35 جاں بحق، سینکڑوں زخمی

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26اپریل۔2015ء) پشاور میں تیز آندھی اور بارش نے تباہی مچا دی۔ چھتیں گرنے کے واقعات میں بچوں اور خواتین سمیت 35 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے۔ چارسدہ میں بھی چھت گرنے سے میاں بیوی دم توڑ گئے۔پشاور میں باران رحمت کئی علاقوں میں موت کا پیغام بن گئی۔ پہلے تیز آندھی نے چھتیں اڑائیں پھر آسمان سے پانی کہر بن کر برستا رہا جبکہ کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔

شدید بارشوں سے زیادہ نقصان چارسدہ روڈ، بدھو ثمر باغ، بڈھنی پل، لیاقت آباد اور گردونواح میں ہوا جہاں سائن بورڈ گر گئے اور کئی درخت بھی جڑوں سے اکھڑ گئے۔ ریسکیو ذرائع نے بچوں سمیت درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی بھی تصدیق کی ہے جنہیں شہر کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

صورتحال کے باعث شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

چارسدہ میں بھی مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات مشتاق غنی کا نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق اندوہناک حادثات میں 35 کے قریب افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں. حالیہ بارشوں کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے. صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے.

متعلقہ عنوان :