عوام کے مفاد پر سمجھوتہ نہ دباؤ قبول کریں گے، عبد المالک بلوچ

۔ ہڑتال کرنا سب کا حق ہے لیکن سڑک بند کرنا اور کوئی بھی ایسا عمل جس سے عوام کو تکلیف پہنچے ہر گز قابل برداشت نہیں حکومت نے شہر سے بس اڈوں اور ٹرمینلز کو ہزار گنجی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ہر صورت عملدرآمد کیا جائے گا،وزیراعلیٰ بلوچستان

بدھ 22 اپریل 2015 23:01

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن 22اپریل۔2015ء)وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ہمارے نزدیک عوام کا مفاد مقدم اور ہر چیز سے بڑھ کر ہے عوام کے مفاد پر نہ تو کوئی سمجھوتہ کریں گے اور نہ ہی کوئی دباؤ قبول کریں گے۔ ہڑتال کرنا سب کا حق ہے لیکن سڑک بند کرنا اور کوئی بھی ایسا عمل جس سے عوام کو تکلیف پہنچے ہر گز قابل برداشت نہیں حکومت نے شہر سے بس اڈوں اور ٹرمینلز کو ہزار گنجی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر ہر صورت عملدرآمد کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹرانسپورٹرز کی مختلف ایسوسی ایشنوں کے مشترکہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ جس نے عبدالقادر رئیسانی کی قیادت میں بدھ کے روز یہاں ان سے ملاقات کی صوبائی وزراء عبدالرحیم زیارتوال ، نواب محمد خان شاہوانی، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، سردار اسلم بزنجو، رکن صوبائی اسمبلی طاہر محمود، میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اﷲ ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ، سیکرٹری داخلہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ، سیکرٹری بلدیات، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن، سی سی پی او کوئٹہ، ڈی جی کیو ڈی اے ، ایس ایس پی ٹریفک، اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ شہر صوبہ اور یہاں کے لوگ ہم سب کے ہیں اور ان کے مسائل کا حل بھی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ٹرانسپورٹروں کی جانب سے اڈوں کی منتقلی کے حوالے سے پیش کئے جانے والے تحفظات کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے فوری طور پر ایک کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا جو ہزار گنجی بس اڈے کا دورہ کرے گی اور وہاں موجود سہولتوں کا جائزہ لیکر تین دن کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی کمیٹی میں صوبائی وزراء نواب محمد خان شاہوانی، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی ، رکن صوبائی اسمبلی طاہر محمود، میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اﷲ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ ، کمشنر کوئٹہ، سی سی پی او کوئٹہ اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے نمائندے شامل ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز نے اکتوبر 2014میں ہونے والے اجلاس میں موسم سرما کے فوری بعد اپنے اڈے اور ٹرمینلز ہزار گنجی منتقل کرنے سے اتفاق کیاتھا حکومت نے اسی تناظر میں موسم سرما گذرنے کے بعد اڈے منتقل کرنے کا فیصلہ کیاہے انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد میں بعض اوقات سخت ، تلخ اور غیر مقبول فیصلے بھی کرنا پڑتے ہیں اور مصلحت پسندی نہیں کی جاتی وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ کے شہری کئی مسائل کا سامنا کررہے ہیں جن میں ٹریفک کی خراب صورتحال،ماحولیاتی آلودگی سمیت دیگر مسائل شامل ہیں حکومت اور میٹروپولیٹن کارپوریشن ان مسائل کے حل کیلئے جامعہ منصوبہ بندی کررہی ہے جس پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا اور اس حوالے سے تقریباً 8ارب روپے کے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں جن سے بتدریج مسائل حل ہوں گے اور شہریوں کو بہتر سہولتیں مہیا ہوسکیں گی جبکہ چمڑا منڈی ، ڈیری فارموں ، گوداموں اور موٹر گیراجز کو بھی شہر سے باہر منتقل کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ہم عوامی نمائندے ہیں اور ہمارے نزدیک عوام کا مفاد سب سے بڑھ کر ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں جو کچھ ہوا اس کی ذمہ داری ہم پر عائد نہیں ہوتی تاہم موجودہ دور حکومت میں اگر کوئی غلط کام ہوتا ہے تو ہم اس کے ذمہ دار اور جوابدہ ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے ٹرانسپوٹرز پر زور دیا کہ وہ اپنے وعدے کی پاسداری کرتے ہوئے عوامی مفاد میں حکومت کے اس فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں ہزار گنجی بس اڈے میں جو سہولتیں دستیاب نہیں سیکورٹی سمیت تمام سہولتیں جلد فراہم کردی جائیں گی تاکہ ٹرانسپورٹروں او رمسافروں کو کسی کی قسم کی تکلیف نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ہزار گنجی بس اڈے سے سفر کرنے والے مسافروں کیلئے مغربی بائی پاس جبل نور میں پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے جبکہ میٹروپولیٹن کارپوریشن اور انتظامیہ کو شہر کے بعض دیگر مقامات پر بھی پک اینڈ ڈراپ کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے