نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جان کی نے آک لینڈ شہر کے کیفے میں کام کرنیوالی ویٹرس کے بال کھینچنے پر معافی مانگ لی

واقعے کے بعد حزب اختلاف کی جماعت اور عوام کی جان کی پر تنقید

بدھ 22 اپریل 2015 20:49

نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جان کی نے آک لینڈ شہر کے کیفے میں کام کرنیوالی ..

ولنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی 22اپریل۔2015ء)نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم جان کی نے آک لینڈ شہر کے ایک کیفے میں کام کرنے والی ایک ویٹرس کے بال کھینچنے پر معافی مانگی ہے۔ویٹرس نے اپنا نام چھپاتے ہوئے ایک بلاگ میں لکھا تھا کہ جان کی نے ان کے منع کرنے کے باوجود ان کی پونی ٹیل لگاتار کھینچا کرتے تھے۔بدھ کو وزیر اعظم کے ترجمان نے کہا کہ انھوں نے ویٹرس کے بالوں کو ’مذاق میں کھینچا‘ تھا اور اب انھوں نے معافی بھی مانگ لی ہے۔

اس واقعے کے بعد حزب اختلاف کی جماعت اور عوام نے جان کی پر تنقید کی ہے۔ویٹرس نے ویب سائٹ ڈیلی بلاگ پر لکھا تھا کہ گذشتہ نومبر کی انتخابی مہم کے دوران ان کے بال کھینچے گئے تھے جب جان کی کی نیشنل پارٹی کو منتخب کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ جب جان کی کیفے میں آتے تھے تو وہ ان سے چھپنا شروع ہو گئیں اور انھوں نے وزیر اعظم کے محافظوں سے بھی کہا کہ انھیں بال کھنچوانا پسند نہیں ہے۔

ویٹرس نے یہ بھی کہا کہ انھوں نے تنگ آ کر جان کی کو براہ راست رکنے کے لیے کہا لیکن انھوں نے پھر بھی بات نہیں مانی تاہم بعد میں وزیر اعظم نے معافی مانگ کر ویٹرس کو دو شراب کی بوتلیں بھی دی تھیں۔جان کی نے بدھ کو صحافیوں کو بتایا کہ کیفے کے عملے کے ساتھ ان کے ’بڑے اچھے اور دوستانہ‘ قسم کے تعلقات تھے اور یہ بھی کہ وہ عملے کے ساتھ ’ہنسی مذاق‘ کرتے رہتے تھے۔