پاکستان کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے توانائی منصوبے 2018 تک مکمل کرلیں گے، نواز شریف کے ادوار میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا ، چین نے اتنی بڑ ی سر مایہ کاری کر کے دوستی کی نئی بنیاد رکھی، توانائی منصوبے مکمل ہونے سے رکی ہوئی صنعتیں چل پڑیں گی، پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنا کر دم لیں گے، پنجاب میں 2600 میگا واٹ بجلی کے منصوبے شروع کئے جائیں گے، اربوں ڈالرز کی چینی سر مایہ کاری پاکستانی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے، پاکستان کے مشکل حالات میں چین نے سہارا دیا

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 22 اپریل 2015 20:11

پاکستان کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے توانائی منصوبے 2018 تک مکمل کرلیں ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی 22اپریل۔2015ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے چینی منصوبوں پر وزیر اعظم نواز شریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 17 سال پہلے نواز شریف کی قیادت میں پاکستان ایٹمی طاقت بنا ، چین نے اتنی بڑ ی سر مایہ کاری کر کے دوستی کی نئی بنیاد رکھی، چینی سر مایہ کاری کے نتیجے میں عملدر آمد ہمارا فرض لئے گیند ہماری کورٹ میں ہے، پاکستان کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے توانائی منصوبے 2018 تک مکمل کرلیں گے، توانائی منصوبے مکمل ہونے سے رکی ہوئی صنعتیں چل پڑیں گی، پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان بنا کر دم لیں گے، چینی انجینئرز اور ماہرین کو ہر ممکن تحفظ فراہم کریں گے، 20 اپریل کا دن پاکستان کی تاریخی اہمیت کا دن ہے، ملکی تاریخ میں توانائی کے لئے موجودہ حکومت سے زیادہ کسی حکومت نے محنت نہیں کی، پنجاب میں 2600 میگا واٹ بجلی کے منصوبے شروع کئے جائیں گے، اربوں ڈالرز کی چینی سر مایہ کاری پاکستانی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے، پاکستان کے مشکل حالات میں چین نے سہارا دیا ۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ 20 اپریل کا دن پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے، قوموں کی زندگیوں میں ایسے دن بہت کم آتے ہیں، اس پر میں وزیراعظم نواز شریف کو مبارکباد دیتا ہوں،17سال قبل بھی وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان ایٹمی قوت بنا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان میں 16ارب روپے کی کثیر سرمایہ کاری کے منصوبوں پر دستخط کر کے چین نے ہماری مدد کر کے مضبوط تعلقات کی بنیاد رکھ دی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ چین نے آج تک کسی ملک میں اتنی بڑی سر مایہ کاری کا اعلان نہیں کیا یہ سب وزیراعظم کی قیادت کی عکاس ہے، اب گیند ہمارے کورٹ میں ہے اور ہمارا فرض ہے کہ ہم نے تمام منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں ن ے کہا کہ گزشتہ دو سال میں ہماری پوری قیادت نے چین کے درجنوں دورے کئے، جس میں ہمارے وزیراعظم، صدر، وزیراعلیٰ، عسکری قیادت کے تمام ارکان شامل ہیں، جس کا پھل آج ہمیں مل گیا ہے اور سب لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ جب چینی حکام نے مجھ سے پوچھا کہ کیا آپ تمام منصوبوں پر عملدرآمد کریں گے تو میں نے انہیں کہا کہ ہم چینی افسران کو ہر ممکن تحفظ فراہم کریں گے اور آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ تمام منصوبے پایا تکمیل تک پہنچائیں گے، پنجاب کے منصوبوں کی تفصیل یہ ہے کہ ساہیوال میں کول پاور پلانٹ 1320 میگا واٹ، قائد اعظم سولر پارک بہاولپور1000میگا واٹ، سولٹ رینج پاور پراجیکٹ 300میگاواٹ، اس طرح 2620میگا واٹ کے منصوبے پنجاب میں لگیں گے جن کی مالیت 4.2 ارب ڈالر ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی منصوبوں کی تکمیل کے بعد ہمارے کارخانے دوبارہ رواں دواں ہو جائیں گے اور ہمارے کھیت بہاریں لہلہائیں گے، بے روزگاری ختم ہو گی اور پورے ملک میں ترقیاتی کام ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی تمام تر توجہ بجلی کے منصوبوں پر ہے اور ان کیلئے 20 ارب ڈالر سے زائد کے منصوبوں پر معاہدے کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ بھی جلد مکمل ہو گا، اس کا روٹ 27کلو میٹر سے زائد ہے اور اس منصوبے پر 1.27ارب ڈالر لاگت آئے گی اور 27ماہ سے زائد مدت میں مکمل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب پاکستانی نہیں چینی سر مایہ کار آ رہے ہیں، ان کا تمام پیپر ورک مکمل ہو چکا ہے، تمام منصوبوں پر جلد عملدرآمد شروع ہو جائے گا، اقتصادی راہداری منصوبہ پہلے سے طے شدہ ہے، اس میں کسی قسم کی بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چینی منصوبے تمام صوبوں میں لگنے ہیں، سرمایہ کاری سب ان کی ہے، ہم صرف ان کے تحفظ کیلئے میکانیزم بنا رہے ہیں، چین نے یہ تحفہ پاکستان کو دیا ہے ، کسی ایک صوبے کو نہیں دیا ،کسی سندھی، پنجابی، بلوچی یا پٹھان کو نہیں دیا سب کو یہ تعصب ختم کرنا چاہیے، پنجاب میں ساڑھے 4 ارب اور سندھ میں تو 9 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔