سعودی عرب کا یمن میں حوثی باغیوں کیخلاف فوجی کارروائیاں ختم کرنے کا اعلان،یمن میں فوجی آپریشن سے خطرات کو ختم کردیاہے‘سعودی افواج یمن میں بحالی کا کام کرینگی‘ آپریشن میں حوثی باغیوں کے بھاری ہتھیار اور بلیسٹک میزائلوں کو تباہ کردیا گیا، ترجمان سعودی افواج

منگل 21 اپریل 2015 23:58

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 اپریل۔2015ء) سعودی عرب نے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جاری فوجی کارروائیاں ختم کرنے کا اعلان کردیا ۔ منگل کو عالمیمیڈیا کے مطابق سعودی فوج کے ترجمان بریگیڈئر جنرل احمد العسیری کا کہنا ہے کہ یمن میں فوجی آپریشن کے ذریعے خطرات کو ختم کردیا گیا ہے ۔ سعودی آپریشن اب نئے مرحلے میں داخل ہوگا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی فوج نے یمن میں اپنے مقاصد حاصل کرلئے ہیں ۔ حوثی باغیوں کے بھاری ہتھیار اور بلیسٹک میزائلوں کو تباہ کردیا گیا ہے ۔ سعودی افواج یمن میں بحالی کا کام کریں گی ۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک کے لڑاکا طیاروں نے 26 مارچ سے یمن میں حوثی شیعہ باغیوں ،سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار فوجی یونٹوں اور ان کی اتحادی ملیشیاوٴں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے شروع کیے تھے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ نے حوثی باغیوں اور ان کے اتحادیوں کو ہتھیار فراہم کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن کے بحران نے 150,000 افراد کو بے گھر کر دیا ہے اور تقریباً ایک کروڑ دو لاکھ افراد کو خوراک کی کمی درپیش ہے۔ادارے کا کہنا ہے کہ مارچ اور اپریل کے درمیان تین ہفتوں میں 731 افراد ہلاک اور 275 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے زیادہ تر شہری تھے۔

متعلقہ عنوان :