چینی سرمایہ کاروں کا تھر کے کوئلے سے سستی بجلی بنا کر پاکستانی عوام کو تحفہ دینے کااعلان

پیر 20 اپریل 2015 13:09

چینی سرمایہ کاروں کا تھر کے کوئلے سے سستی بجلی بنا کر پاکستانی عوام ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء) چینی سرمایہ کاروں نے تھر کے کوئلے سے سستی بجلی بنا کر پاکستانی عوام کو تحفہ دینے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے بحران کے مکمل خاتمے کے لیے وقت درکار ہو گا ۔ چین کے سرمایہ کاروں نے پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانیوں کیلئے سستی بجلی کا خواب اب دوست ملک چین کے تعاون سے ممکن ہو سکے گا ۔

صحرائے تھر کے نو ہزار مربع کلومیٹر کے رقبہ میں 175ارب ٹن کوئلہ موجود ہے اب پہلی بار یہ کوئلہ بجلی بنانے کے لیے استعمال ہو گا اوریہ کام کریگی چین کی ایک بڑی کمپنی شنگھائی الیکٹرک ۔ چینی صدر کے وفد میں شامل شنگھائی الیکٹرک کے چیئرمین یانگ شو مین اور سائنو سندھ ریسورسز کے سی ای او کاو وی کے نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ شنگھائی کمپنی تھر میں ساڑھے تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی زمین سے کوئلہ نکالا جائیگا اوراس سے وہیں بجلی پیدا ہو گی ۔

(جاری ہے)

چینی ماہرین کے مطابق کوئلے سے سستی بجلی دستیاب ہو گی اور رعایتی قرضوں کی ادائیگی کے بعد مجموعی طور پر بجلی کی فی یونٹ قیمت میں پچاس فیصد کمی آجائیگی ۔ ایک سوال کے جواب میں چینی سرمایہ کاروں نے کہا کہ پاکستان میں فوری طور پر لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ممکن نہیں اس کیلئے حکومت کو مزید تھرمل اور ہائیڈل منصوبے شروع کرنا ہونگے ۔ چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان کو غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ملک قرار دیا ۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال جیسی بھی ہو چین کو پاکستان میں کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں چینی ماہرین نے بتایا کہ پاکستان نے چین کے ساتھ ترقی کے سفر کا آغاز کر دیا ہے ۔ پاکستان ترقی کی سیڑھیاں چڑھ رہا ہے اور چین کا تعاون اور ساتھ پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے میں مدد کریگا-

متعلقہ عنوان :